QR CodeQR Code

وزیراعظم گیلانی کی طالبان اور حزب اسلامی کو افغان امن عمل میں شامل ہونیکی اپیل

24 Feb 2012 16:28

اسلام ٹائمز: وزیراعظم ہاؤس کی طرف سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ یوسف رضا گیلانی نے امید ظاہر کی ہے کہ طالبان قیادت، حزب اسلامی اور دیگر افغان گروپ ان کی اپیل پر مثبت ردعمل ظاہر کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے طالبان قیادت اور حزب اسلامی سمیت تمام افغان گروپوں سے افغانستان میں قیام امن کے لیے مصالحتی عمل میں شرکت کی اپیل کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان مصالحتی عمل کو کامیاب بنانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے افغان صدر حامد کرزئی کی طرف سے 21 فروری کو جاری کی جانے والی اس اپیل پر مثبت ردعمل ظاہر کیا ہے، جس میں حامد کرزئی نے کہا تھا کہ پاکستان افغانستان میں جاری امن عمل کی حمایت کرے۔ 

وزیراعظم ہاؤس کی طرف سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم گیلانی نے طالبان قیادت سمیت تمام افغان گروپوں سے افغان قومی مصالحتی اور امن عمل میں شرکت کی اپیل کر دی ہے۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی ہے کہ طالبان قیادت، حزب اسلامی اور دیگر افغان گروپ ان کی اپیل پر مثبت ردعمل ظاہر کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں۔ افغانستان کی تاریخ میں نیا باب لکھنے کا وقت آ گیا ہے۔ وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ علاقائی امن و استحکام کے لیے افغانستان میں امن، استحکام اور مصالحت ضروری ہے۔ افغانستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام اور اس کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کے اصولوں پر کاربند رہنا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔


خبر کا کوڈ: 140448

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/140448/وزیراعظم-گیلانی-کی-طالبان-اور-حزب-اسلامی-کو-افغان-امن-عمل-میں-شامل-ہونیکی-اپیل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org