QR CodeQR Code

دہشتگردی کرنیوالے وحشی درندے ہیں، پشاور دھماکہ کے زخمیوں کی بات چیت

24 Feb 2012 16:40

اسلام ٹائمز:ایل آر ایچ میں زیر علاج کوہاٹ اڈہ دھماکہ میں زخمی ہونے والوں کا اسلام ٹائمز کیساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ معلوم نہیں یہ دہشتگرد معصوم لوگوں پر کیوں ظلم کررہے ہیں، اللہ تعالیٰ انہیں تباہ و برباد کر دے جو بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ کوہاٹ اڈہ پشاور میں کار بم دھماکہ میں زخمی ہونے والے شہریوں نے کہا ہے کہ بم دھماکے کرنے والے مسلمان تو کیا انسان کہلانے کے بھی لائق نہیں، ان دہشتگردوں نے ملک کا امن و سکون بربار کرکے رکھ دیا ہے، معلوم نہیں بے گناہوں کو کیوں قتل کیا جارہا ہے، لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں زیر علاج انور خان کا اسلام ٹائمز کیساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ فلائنگ کوچ ڈرائیور ہے، وہ 11 بجے کے قریب اڈہ میں اپنی باری کا انتظار کررہا تھا کہ دھماکے کی زد میں آگیا، اس کا کہنا تھا کہ معلوم نہیں یہ دہشتگرد معصوم لوگوں پر کیوں ظلم کررہے ہیں، ایک اور زخمی نور خان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ان کو لوگو ں کو تباہ کر دے جو بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنایا رہے ہیں ۔

پشاور کے گائوں اچرہ کے رہائشی کمسن شاہ زیب نے اسلام ٹائمز کو بتایا کہ وہ دھماکے وقت اڈہ کے قریب اپنے دوستوں کیساتھ کھیل کود میں مصروف تھا کہ اچانک ایک زود دار دھماکہ ہوا ور وہ زمین پر آگرا، جب اس نے آنکھیں کھولیں تو خود کو ہسپتال میں پایا، گائوں بہادر کلی کے واسع اللہ نے بتایا کہ وہ اڈے میں گاڑیاں دھونے کا کام کرتا ہے، سانحہ کے وقت اپنے کام میں مصروف تھا کہ دھماکہ ہوگیا اور چاروں طرف دھواں ہی دھواں پھیل گیا اور وہ زخمی ہو گیا، دہشتگردوں کی بربریت کا نشانہ بننے والے بہادر کلی کے ہی رہائشی ضعیف العمر نسیم خان نے کہا کہ وہ اڈے میں منیاری کا سامان فروخت کرتے ہیں، اور دھماکہ کے وقت دکانداری میں مصروف تھے، انہوں کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کرنے والے لوگ انسان نہیں بلکہ وحشی درندے ہیں، ان کو انسان کہنا انسانیت کی تذلیل ہے۔

ایل آر ایچ میں زیر علاج نوجوان طلٰحہ تبریز نے بتایا کہ وہ اپنے گائوں کرک جانے کیلئے اڈہ پہنچا تھا کہ دھماکے کی زد میں آگیا، طلحہ نے کہا کہ دھماکہ کے فوری بعد اس نے اپنے رشتہ داروں کو فون کیا انہوں نے اسے ہسپتال پہنچایا، علاوہ ازیں ایک اور زخمی ناصر خان نے کہا کہ وہ میرانشاہ جانے کیلئے اڈہ پہنچا تھا، زخمی نوجوان محمد نور اور ہدایت اللہ نے بھی بات چیت کے دوران کوہاٹ اڈہ دھماکہ کے حوالے سے بتایا، ہسپتال انتظامیہ نے اسلام ٹائمز کو بتایا کہ ہسپتال میں 37 زخمیوں کو لایا گیا جبکہ جاں بحق ہونے والے 14 افراد کی نعشیں ایل آر ایچ پہنچیں، واضح رہے کہ ذرائع کے مطابق دھماکہ میں16 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 140451

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/140451/دہشتگردی-کرنیوالے-وحشی-درندے-ہیں-پشاور-دھماکہ-کے-زخمیوں-کی-بات-چیت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org