QR CodeQR Code

پشاور خود کش حملے کے بعد پنجاب بھر میں سکیورٹی انتہائی سخت ، داخلی راستوں پر چیکنگ شروع

24 Feb 2012 21:30

اسلام ٹائمز:پولیس افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ دہشت گردوں کا نشانہ تھانے اور پولیس کی گاڑیاں ہیں جس کے لئے تمام اہلکار چوکس رہیں اور کسی بھی ناگہانی صورت حال سے بچنے کے لئے اپنے اردگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھیں۔


اسلام ٹائمز۔ پشاور تھانے پر خودکش حملے کے بعد لاہور سمیت پنجاب بھر کے تھانوں اور پولیس افسران کی سیکیورٹی سخت کر دی گئی، تمام بڑے شہروں کے داخلی راستوں پر گاڑیوں کی چیکنگ بھی سخت کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو پشاور میں پولیس تھانہ پر ہونے والے خودکش حملے کے بعد آئی جی پنجاب نے صوبہ بھر کے پولیس تھانوں اور پولیس افسران کی سیکیورٹی سخت کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔ ذرائع نے بتایا کہ ریجنل پولیس افسران کو لکھے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تمام تھانوں کے مین گیٹس پر سخت چیکنگ کے بعد سائلین کو داخل ہونے کی اجازت دی جائے۔
 
پولیس افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ دہشت گردوں کا نشانہ تھانے اور پولیس کی گاڑیاں ہیں جس کے لئے تمام اہلکار چوکس رہیں اور کسی بھی ناگہانی صورت حال سے بچنے کے لئے اپنے اردگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھیں۔ پولیس سے کہا گیا ہے کہ وہ گلی محلوں میں بھی اپنا گشت بڑھائیں تاکہ باہر سے آ کر رہائش اختیار کرنے والے لوگوں اور ہوٹلوں میں قیام کرنے والوں پر بھی نظر رکھی جا سکے۔ پولیس نے شہر بھر میں گشت بڑھا دیا ہے اور ناکے لگا کر شہریوں کی چیکنگ شروع کر دی ہے۔ 


خبر کا کوڈ: 140488

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/140488/پشاور-خود-کش-حملے-کے-بعد-پنجاب-بھر-میں-سکیورٹی-انتہائی-سخت-داخلی-راستوں-پر-چیکنگ-شروع

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org