0
Sunday 26 Feb 2012 15:37

محب وطن قوتیں ملک دشمن اندرونی و بیرونی سازشوں کو ناکام بنا دیں گی، ثروت اعجاز قادری

محب وطن قوتیں ملک دشمن اندرونی و بیرونی سازشوں کو ناکام بنا دیں گی، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ محب وطن قوتیں ملک دشمن اندرونی و بیرونی سازشوں کو ناکام بنادیں گی۔ خودکش حملے، بم دھماکے ریلوے لائنوں پر دھماکے بلوچستان میں علیحدگی کی سازشیں پاکستان بنانے والوں کے حوصلوں کو پست نہیں کرسکتیں، پاکستان سنی تحریک محب وطن عوام اور جماعتوں کے ساتھ مل کر ملک دشمن قوتوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملائے گی، علماء حق اس ملک کا اثاثہ ہیں وہ ملک کی سلامتی کے ساتھ ملک کے خلاف ہونیوالی بیرونی سازشوں سے عوام کو آگاہ کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر سید عاشق علی شاہ جیلانی کے سوئم میں شرکت کیلئے خیرپور روانگی سے قبل اپنی رہائش گاہ قادری ہاؤس پر علماء کرام کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ کی جانب سے بلوچ رہنماؤں کے خلاف مقدمات واپس لینے کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں لیکن یہ اقدام صرف اخبارات یا میڈیا کی زینت نا ہو۔ اُنہوں نے کہا کہ بلوچستان میں محب وطن قوتیں آج بھی ملک کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کیلئے منفی سوچ کو اُبھرنے نہیں دے رہی ہیں، حکومتِ وقت کی ذمہ داری ہے کہ بلوچستان کے مسائل وہاں کے وسائل کے حساب سے حل کئے جائیں۔ ملک میں ایک بار پھر بڑھتی دہشت گردی کا مقصد ملک کو کمزور اور بلوچستان کے عوام کو اپنے مفادات کیلئے استعمال کرنے کیلئے ان میں احساس محرومی کے رجحان کو اُبھارنا ہے۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے وہاں کی عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہوکر آواز بلند کرے گی۔ ثروت اعجازقادری کا کہنا تھا کہ یہ درست ہے کہ دہشت گردی کی وارداتیں ملک دشمن قوتیں کرا رہی ہیں لیکن ہمارے بعض گمراہ عناصر بھی ان کا آلہ کار بنے ہوئے ہیں بالخصوص وہ لوگ جن کی جماعتوں کو کالعدم قرار دے دیا گیا ہے۔ اس کے باوجود وہ آزادی سے اپنی نقل و حمل اور بیرونی مفادات کو تقویت دینے کیلئے ملک دشمن سازشیں، دہشت گردی کے واقعات رونما کررہے ہیں جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت کو بھی سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کے خلاف قانون کو حرکت میں لانا چاہیے۔

سربراہ پاکستان سنی تحریک نے کہا کہ بلوچستان کے عوام بالخصوص وہاں کے نوجوانوں کیلئے ایسی حکمت عملی وضع کی جائے کہ وہ ملک و ملت کا دست بازو بن کر صوبے میں امن و امان کی بحالی کی کوششوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور ان اندرونی و بیرونی قوتوں کا ہمیشہ کیلئے سرخم کردیں، جو ملک کے خلاف نفرت ابھارنے کی ناپاک جسارت کررہی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 140950
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش