QR CodeQR Code

ٹارگٹ کلنگ کی حالیہ لہر سہ فریقی مذاکرات کو ناکام بنانے کی سازش ہے، علامہ رمضان توقیر

29 Feb 2012 18:46

اسلام ٹائمز: سانحہ کوہستان پر شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے شیعہ علماء کونسل کے رہنماء کا کہنا تھا کہ حکومت و انتظامیہ جانتے ہیں کہ دہشتگردی کون کر رہا ہے لیکن دہشتگردوں کیخلاف ایکشن نہ لینا سوالیہ نشان ہے۔


اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا کے صدر علامہ محمد رمضان توقیر نے کوہستان میں دہشتگردوں کی جانب سے مسافر بس پر فائرنگ کے نتیجے میں 18 افراد کی شہادت پر شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی اور ٹارگٹ کلنگ کی حالیہ لہر سہ فریقی مذاکرات کو ناکام بنانے کی سازش ہے، ایس یو سی کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ سانحہ دہشتگردی پر قابو پانے اور قیام امن کا راگ الاپنے والی حکومت کے منہ پر طماچہ ہے، کراچی سے پارا چنار اور پشاور سے کوئٹہ تک ہر طرف اہل تشیع کو باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بم دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث دہشتگردوں کی عدم گرفتاری کی وجہ سے شرپسندوں کے حوصلے بلند ہو رہے ہیں جبکہ دوسری جانب حکومت تمام تر دعووں اور یقین دہانیوں کے باوجود عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام نظر آ رہی ہے، علامہ رمضان توقیر نے کہا کہ امریکہ سمیت استعماری قوتیں نہیں چاہتیں کہ خطہ میں امن ہو اور پاکستان، ایران اور افغانستان کے درمیان بہتر تعلقات ہوں، اسی بناء پر اسلام آباد میں ہونے والے سہ فریقی مذاکرات کے فوری بعد پاکستان میں قتل و غارت گری، ڈرون حملوں اور دہشتگردی کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے، اور برادر اسلامی ممالک کو قریب ہوتا دیکھ کر امریکہ نے بلوچستان کا شوشہ چھوڑ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت و انتظامیہ جانتے ہیں کہ دہشتگردی کون کر رہا ہے لیکن انکے کیخلاف ایکشن نہ لینا سوالیہ نشان ہے، ان کا کہنا تھا کہ فوری طور پردہشتگردی، فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ اور دیگر بے گناہوں کو نشانہ بنانے والے دہشتگردوں کیخلاف موثر کارروائی کرتے ہوئے انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور کیفر کردار تک پہنچایا جائے، بصورت دیگر عوام کا غصہ اور اشتعال بڑھ کر حکمرانوں کیلئے مسائل پیدا کر سکتا ہے، علامہ رمضان توقیر نے سانحہ کوہستان میں شہید ہونے والے افراد کے خاندانوں کیساتھ دلی ہمدری اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علامہ سید ساجد علی نقوی کے اعلان پر صوبہ خیبر پختونخوا میں بھی تین روزہ سوگ منایا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 141825

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/141825/ٹارگٹ-کلنگ-کی-حالیہ-لہر-سہ-فریقی-مذاکرات-کو-ناکام-بنانے-سازش-ہے-علامہ-رمضان-توقیر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org