0
Monday 2 Nov 2009 09:54

اسرائیلی جارحیت کیخلاف سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرنیکا مطالبہ

اسرائیلی جارحیت کیخلاف سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرنیکا مطالبہ
جدہ:اسلامی کانفرنس تنظیم نے مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کر دیا۔سعودی عرب کے شہر جدہ میں او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں تنظیم کے رکن ممالک اور مبصر کی حیثیت رکھنے والے ملک روس پر زور دیا گیا کہ وہ مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیل کی طرف سے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں پر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کریں۔اجلاس میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف مسلم امہ کی طرف سے مشترکہ موقف اختیار کرنے پر غور کیا گیا۔اجلاس کے شرکاء کا کہنا تھا کہ مسجدِ اقصیٰ کے اطراف کھدائی اور دیگر اسرائیلی غیر قانونی کارروائیاں جاری ہیں۔اس موقع پر فلسطینی وزیرِ خارجہ ریاض المالکی نے ایک کمیٹی کے قیام کی تجویز دی،جو دنیا بھر کے حکمرانوں کو اسرائیلی جارحیت کے باعث مقبوضہ بیت المقدس کے شہریوں کو درپیش خطرات سے آگاہ کرے ۔ 
مسجد اقصیٰ کو نقصان پہنچا تو خطہ نئی آگ کی لپیٹ میں آ جائے گا: او ائی سی 
اسلامی کانفرنس تنظیم نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل اور انتہا پسند یہودیوں کی جانب سے مسجد اقصیٰ کے خلاف سازشیں بڑھتی جا رہی ہیں، قبلہ اول کو نقصان پہنچا تو خطہ بدامنی کی ایک نئی آگ کی لپیٹ میں آ جائے گا جس سے اسرائیل بھی محفوظ نہیں رہے گا۔ اتوار کے روز جدہ میں او آئی سی کے ہونے والےاجلاس کے دوران اسرائیل کے ہاتھوں مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی اور یہودی آباد کاروں کے بڑھتے ہوئے حملوں کی شدید مذمت کی گئی۔ اجلاس میں پیش کی گئی ایک قرارداد میں خبردار کیا گیا کہ مسجد اقصیٰ کو یہودیوں کے ہاتھوں نقصان پہنچا تو خطے کا امن خطرے میں پڑ جائے گا۔ قرارداد میں کہا گیا کہ اسرائیل کی جانب سے قبلہ اول اور بیت المقدس کے خلاف جاری سازشیں عالمی انسانی حقوق اور قوانین کی سنگین خلاف ورزیاں ہیں۔ بیت المقدس اور مغربی کنارے میں یہودی آباد کاری اورغزہ کی معاشی ناکہ بندی اسرائیل کے ظالمانہ اقدامات ہیں جن کی ہرفورم پر مذمت کی جاتی رہے گی۔ اسلامی کانفرنس نے فلسطینی عوام کی جانب سے اسرائیلی جارحیت کے خلاف عزم و استقامت کا مظاہرہ کرنے اور صبر کے ساتھ ظلم کو برداشت کرنے کی تعریف کرتے ہوئے عالم اسلام سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی عوام کے مسائل کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات کرے تاکہ اسرائیلی جارحیت کا راستہ روکا جا سکے۔ او آئی سی نے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطین میں اسرائیلی ریاستی دہشت گردی اور غیرقانونی اقدامات پر ہنگامی اجلاس طلب کرے اور اسرائیلی ریاستی دہشت گردی اور مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کے واقعات کا سختی سے نوٹس لے۔
خبر کا کوڈ : 14258
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش