0
Saturday 3 Mar 2012 21:09

چارسدہ، آفتاب شیرپائو خودکش حملہ میں بال بال بچ گئے، ایم پی اے محمد علی اور سکندر شیرپائو سمیت متعدد زخمی

چارسدہ، آفتاب شیرپائو خودکش حملہ میں بال بال بچ گئے، ایم پی اے محمد علی اور سکندر شیرپائو سمیت متعدد زخمی
اسلام ٹائمز۔ پیپلزپارٹی شیرپائو کے سربراہ آفتاب احمد خان شیرپائو چارسدہ میں ہونے والے خودکش حملہ میں بال بال بچ گئے جبکہ 2 پولیس اہلکار جاں بحق، ایم پی اے محمد علی اور سکندر شیرپائو متعدد افراد زخمی ہوگئے، ادھر کالعدم تحریک طالبان نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے، ذائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی شیرپائو کے صدر آفتاب احمد خان شیرپائو ہفتے کے روز چارسدہ میں کانگڑہ روڈ پر منعقدہ جلسے سے خطاب کے بعد اپنے قافلے کیساتھ جلسہ گاہ سے نکل کر واپس جارہے تھے کہ اسی دوران ان کے قافلے کے درمیان آکر ایک خودکش حملہ آور نے اپنے آپ کو اڑا لیا، دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی، دھماکے کے بعد آفتاب شیر پائو اور ان کے بیٹے سکندر شیر پائو کو دوسری گاڑی میں لیڈی ریڈنگ ہسپتال لے جایا گیا تاہم وہ بالکل خیریت سے ہیں لیکن سکندر شیر پائو کو معمولی زخم آئے ہیں، جبکہ دھماکے میں 2 پولیس اہلکار جاں بحق اور خیبر پختونخوا اسمبلی کے رکن محمد علی اور پانچ پولیس اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

دھماکے کے بعد پشاور کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اور دیگر ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔ جہاں پر متعدد زخمیوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے، ادھر پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے، عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ خود کش تھا، حملہ آور نے آفتاب شیر پائو کی گاڑی کے سامنے آنے کی کوشش کی لیکن گاڑی آگے نکل گئی اور وہ پولیس کی گاڑی سے ٹکرایا، دھماکے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات میاں افتخار حسین نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آفتاب شیرپائو پر حملہ خودکش تھا جس میں چند افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں ایم پی اے محمد علی بھی شامل ہیں، انہوں نے کہا کہ دہشتگرد اپنی شکست کو دیکھ کر اس طرح کے حربے استعمال کررہے ہیں تاہم حکومت اوچھے ہتھکنڈوں سے گھبرانے والے نہیں اور ہم دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی آفتاب شیرپاو پر دو حملے ہو چکے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 142624
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش