0
Sunday 4 Mar 2012 07:09

حکومت اور اپوزیشن اپنے ذاتی مفادات کے لیے ایک دوسرے کے ہمنوا ہیں، سید منور حسن

حکومت اور اپوزیشن اپنے ذاتی مفادات کے لیے ایک دوسرے کے ہمنوا ہیں، سید منور حسن
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن اپنے ذاتی مفادات کے لیے ایک دوسرے کے ہمنوا ہیں۔ ۲۸ افراد کی ممبری بچانے کی خاطر سب نے مل کر بیسویں آئینی ترمیم ایک ہی رات میں منظور کر لی ہے اور سینیٹ کے انتخابات میں بھی مک مکا کر لیا ہے لیکن عوام کے حقوق کے تحفظ اور پٹرول، ڈیزل، سی این جی، بجلی اور ایل پی جی کی قیمتوں میں ہر ہفتے کیے جانے والے ظالمانہ اضافے کے خلاف ان کی زبانیں گنگ ہیں اور قومی اسمبلی میں ایک قرارداد تک پاس نہیں کرائی جاسکی۔ 

حکومت اور اپوزیشن دونوں عوام کو مہنگائی کے عذاب میں مبتلا کرنے کے ذمہ دار ہیں۔ یہ سب ایک ہی تھیلی کے چٹے بٹے ہیں۔ جماعت اسلامی آج بروز اتوار پورے ملک میں بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف یوم احتجاج منا رہی ہے۔ عوام آج کے احتجاج میں بھرپور شرکت کریں۔ ہفتے کے روز کراچی سے لاہور پہنچنے پر منصورہ سے جاری کیے گئے اپنے ایک بیان میں سید منور حسن نے کہا ہے کہ حکومت آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کا ایجنڈا پورا کرنے میں مصروف ہے اور ہر ہفتے پندرہ دن بعد پٹرول، ڈیزل، بجلی، گیس اور دیگر اشیائے صرف کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ کرتی چلی آ رہی ہے لیکن کوئی اسے روکنے والا نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کے دعوے دار دونوں امریکی مفادات کے محافظ ہیں۔ پٹرول، ڈیزل اور بجلی کی قیمتوں کا دیگر اشیاء کی قیمتوں پر براہ راست اثر پڑتا ہے۔ بسوں اور مال برداری کے کرائے بڑھ جاتے ہیں جس سے مہنگائی کا طوفان آتا ہے اور اس کا اثر اٹھارہ کروڑ عوام پر پڑتا ہے۔ زراعت، صنعت، معیشت سب زوال پذیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے انتخابات میں جس طرح کروڑوں روپے کی بولی لگی ہے، وہ انتہائی شرمناک اور جمہوریت کے ساتھ مذاق ہے۔ قوم کے ان نمائندوں سے بھلائی کی کیا توقع کی جا سکتی ہے؟ 

سید منور حسن نے کہا کہ حکومت امریکی اور بھارتی مفادات کے لیے اپنی ساری توانائیاں صرف کر رہی ہے۔ بھارت سے تجارت کے لیے اپنی سرحدیں کھولنا ملکی معیشت کا گلا دبانے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے آئندہ انتخابات میں ہوش کے ناخن نہ لیے اور دوبارہ انہی چوروں لٹیروں اور کرپٹ لوگوں کو ووٹ دیے تو وہ اپنے ہاتھوں سے خود کشی کریں گے۔ عوام مہنگائی کے عذاب سے نجات اور اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں تو انہیں محب وطن، دیانتدار اور امین قیادت کو منتخب کرنا ہوگا۔ جماعت اسلامی کی قیادت اس معیار پر پورا اترتی ہے۔ دریں اثنا سید منور حسن اتوار کے روز خانیوال میں ایک بڑے جلسۂ عام سے خطاب کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 142707
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش