0
Sunday 4 Mar 2012 20:41

ملک میں موجودہ حکومت اور عوام کی خوشیاں اکٹھی نہیں چل سکتیں، میاں محمد اسلم

ملک میں موجودہ حکومت اور عوام کی خوشیاں اکٹھی نہیں چل سکتیں، میاں محمد اسلم
اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ حکومت ہر ہفتے پندرہ دن بعد پٹرول، ڈیزل، بجلی، گیس اور دیگر اشیائے صرف کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ کرتی چلی آ رہی ہے لیکن کوئی اسے روکنے والا نہیں ہے۔ حکومت اور اپوزیشن کے دعوے دار دونوں امریکی مفادات کے محافظ ہیں۔ پٹرول، ڈیزل اور بجلی کی قیمتوں کا دیگر اشیا کی قیمتوں پر براہ راست اثر پڑتا ہے۔ بسوں اور مال برداری کے کرائے بڑھ جاتے ہیں جس سے مہنگائی کا طوفان آتا ہے او ر اس کا اثر اٹھارہ کروڑ عوام پر پڑتا ہے۔ زراعت، صنعت، معیشت سب زوال پذیر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے سید منور حسن کی ملک گیر احتجاج کی کال پر نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی ضلع اسلام آباد زبیر فاروق خان، کاشف چوہدری، سیکرٹری جنرل خالد فاروق جماعت اسلامی اہل کتاب ونگ کے رہنماء جمیل کھوکھر، یونس گل اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

میاں محمد اسلم نے کہا حکمرانوں نے عوام کو روٹی کی بجائے گولی، کپٹرے کی جگہ کفن، اور مکان کی جگہ قبر دی ہے چار سالوں میں قرضے دوگنا، کرپشن چار گنا اور تیل، گیس، بجلی کی قیمتوں میں آٹھ گنا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اس صورتحال کی ذمہ داری جہاں پیپلزپارٹی اور حکومت کی شریک جماعتوں پر عائد ہوتی ہے وہیں پارلیمنٹ میں اپوزیشن کی دعویدار جماعتیں بھی برابر کی ذمہ دار ہیں۔ ملک میں موجودہ حکومت اور عوام کی خوشیاں اکٹھی نہیں چل سکتیں۔

اسلام آباد کے حلقہ این اے اُنچاس سے اُمیدوار زبیر فاروق خان نے کہا حکومت اور اپوزیشن اپنے ذاتی مفادات کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ ہیں۔ لیکن عوام کے حقوق کے تحفظ اور پٹرول، ڈیزل، سی این جی، بجلی اور ایل پی جی کی قیمتوں میں ہر ہفتے کیے جانے والے ظالمانہ اضافے کے خلاف ان کی زبانیں گنگ ہیں اور قومی اسمبلی میں ایک قرارداد تک پاس نہیں کرائی جا سکی۔ حکومت اور اپوزیشن دونوں عوام کو مہنگائی کے عذاب میں مبتلا کرنے کے ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عوام نے آئندہ انتخابات میں ہوش کے ناخن نہ لیے اور دوبارہ انہی چوروں لٹیروں اور کرپٹ لوگوں کو ووٹ دیے تو وہ اپنے ہاتھوں سے خود کشی کریں گے۔ عوام مہنگائی کے عذاب سے نجات اور اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں تو انہیں محب وطن، دیانتدار اور امین قیادت کو منتخب کرنا ہوگا۔ جماعت اسلامی کی قیادت اس معیار پر پورا اترتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 142884
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش