0
Monday 5 Mar 2012 19:40

آنے والا وفاقی بجٹ عوامی ہو گا، فردوس عاشق اعوان

آنے والا وفاقی بجٹ عوامی ہو گا، فردوس عاشق اعوان
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت پانچواں بجٹ پیش کرنے جا رہی ہے اور یہ عوامی بجٹ ہو گا، سیلاب متاثرین کو مکانات کی تقسیم پیپلز پارٹی کے وعدے کی تکمیل ہے، پیپلز پارٹی وعدوں پر نہیں عمل پر یقین رکھتی ہے، سیلاب متاثرین کے مسائل کو ا جاگر کرنے میں میڈیا نے اہم کردار ادا کیا، سرائیکی علاقے کے عوام کو مایوس نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مظفر گڑھ میں میڈیا سے گفتگو اور سیلاب متاثرین کیلئے حکومت کی طرف سے قائم ہونے والی بستی بے نظیر آباد شہید میں 143 گھروں کی چابیاں تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار کوئی جمہوری حکومت پانچواں بجٹ پیش کرے گی جو جمہوری نظام کی بڑی کامیابی ہے، پیپلز پارٹی مفاہمت کی سیاست پر کاربند ہے، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سرائیکی صوبے کے قیام کیلئے متعلقہ فریقین سے مشاورت کر رہے ہیں اور اس سلسلہ میں سرائیکی علاقے کے عوام کو مایوس نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کی واحد جماعت ہے جس نے ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ہر وقت قربانیاں دی ہیں۔
 
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت سیلاب متاثرین کی امداد جاری رکھے گی، مسائل کے باوجود ہم متاثرین کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی وعدوں پر نہیں عمل پر یقین رکھتی ہے اور پیپلز پارٹی اور عوام کا آپس میں چولی دامن کا ساتھ ہے۔ انہوں نے ضمنی انتخابات میں وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کی حکمت عملی پر انہیں خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے سیلاب متاثرین کے مسائل کو اجاگر کرنے پر میڈیا کو بھی خراج تحسین پیش کیا، وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس علاقہ کے عوام کا احساس محرومی ختم کرنے کیلئے موجودہ حکومت اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
خبر کا کوڈ : 142909
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش