0
Monday 5 Mar 2012 14:53

ایران پارلیمنٹ الیکشن میں عوام کی شرکت 66.2 فیصد، اصول پسند سرفہرست

ایران پارلیمنٹ الیکشن میں عوام کی شرکت 66.2 فیصد، اصول پسند سرفہرست
اسلام ٹائمز- فارس نیوز ایجنسی کے مطابق جمعہ 2 مارچ کو اسلامی جمہوریہ ایران میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں عوام نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔ تازہ ترین رپورٹس کے مطابق ان انتخابات میں شرکت کی صلاحیت رکھنے والے افراد کی تعداد 48 میلین 2 لاکھ 88 ہزار 799 تھی جن میں سے 32 میلین افراد نے انتخابات میں حصہ لیتے ہوئے ووٹ کاسٹ کیا ہے۔ اس طرح ان انتخابات میں شرکت کی شرح 66.2 فیصد کی بلندترین سطح پر جا پہنچی ہے۔ یہ شرح ایران کے پارلیمانی انتخابات کی تاریخ میں سب سے زیادہ بتائی جاتی ہے۔
دوسری طرف ایران کے الیکشن کمیشن کی جانب سے اب تک اعلان کئے گئے نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ اصول پسند امیدواروں کی واضح اکثریت منتخب ہو کر پارلیمنٹ میں پہنچ چکی ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ 290 سیٹوں پر مشتمل ہے جس کیلئے ایران بھر میں 207 انتخابی حلقوں میں تقریبا تین ہزار سے زائد امیدوار میدان میں تھے۔ ان انتخابات میں اصول پسند حلقے کے تین بڑے گروپس "اصول پسند متحدہ فرنٹ"، "ایستادگی فرنٹ" اور "پائداری فرنٹ" نے امیدوار کھڑے کر رکھے تھے۔ تازہ ترین نتائج کے مطابق اصول پسند متحدہ فرنٹ 53.89 فیصد سیٹیں حاصل کر کے اس وقت سرفہرست ہے۔ آزاد امیدواروں نے بھی 34.13 فیصد سیٹیں حاصل کی ہیں جبکہ اصلاح طلب حلقے سے تعلق رکھنے والے امیدوار بھی 10 فیصد سیٹیں حاصل کر پائے ہیں۔
موجودہ حالات میں جبکہ مغربی ممالک اور امریکہ نے ایران پر شدید سیاسی اور اقتصادی دباو ڈال رکھا ہے ایران کے پارلیمانی انتخابات میں عوام کی اس عظیم شرکت نے ثابت کر دیا ہے کہ عوام موجودہ سیاسی نظام اور ملک کی پالیسیوں پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں۔ بین الاقوامی سیاسی ماہرین نے بھی ان انتخابات میں بڑی تعداد میں عوام کی شرکت کو انتہائی اہم قرار دیا ہے۔
امان اسٹریٹجک اسٹڈیز کے سربراہ جناب انیس نقاش نے ایران کے پارلیمانی انتخابات میں 60 فیصد سے زیادہ عوام کی شرکت دوسرے ممالک کی نسبت انتہائی زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملت ایران نے ان انتخابات میں بھرپور شرکت کر کے اپنے دشمنوں کو حیرت زدہ کر دیا ہے۔ جناب انیس نقاش نے دشمن ممالک کی جانب سے منفی پروپیگنڈے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے دشمن ملت ایران کے عزم و ارادے کو توڑ دینا چاہتے تھے لیکن ایرانی قوم نے انکی خواہش کے بالکل برعکس قدم اٹھاتے ہوئے انتخابات میں بھرپور شرکت کا مظاہرہ کیا۔
خبر کا کوڈ : 143122
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش