QR CodeQR Code

امریکا،جہاد کا نام لینے والے ایجنٹوں کو استعمال کر رہا ہے،قونصل جنرل ایران

3 Nov 2009 10:36

مغربی استعماری اور یہودی لابی اسلامی ملکوں کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کے لیے بڑی تیزی کے ساتھ سرگرم عمل ہے۔ دنیا کی کوئی طاقت شیعہ اور سنی کو تقسیم نہیں کر سکتی۔ مغربی استعمار کو ہر حال میں منہ کی کھانی پڑے گی۔ ان خیالات کا اظہار کراچی میں متعین ایرانی قونصل جنرل آغا مسعود زمانی


کراچی:مغربی استعماری اور یہودی لابی اسلامی ملکوں کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کے لیے بڑی تیزی کے ساتھ سرگرم عمل ہے۔ دنیا کی کوئی طاقت شیعہ اور سنی کو تقسیم نہیں کر سکتی۔ مغربی استعمار کو ہر حال میں منہ کی کھانی پڑے گی۔ ان خیالات کا اظہار کراچی میں متعین ایرانی قونصل جنرل آغا مسعود زمانی نے متحدہ علماء محاذ پاکستان کے مرکزی صدر علامہ مرزا یوسف حسین کی قیادت میں ملاقات کے لیے آنے والے مختلف مکاتب فکر کے علماء و مشائخ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جنہوں نے ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان  میں خودکش حملے کی مذمت اور سانحہ میں شہید ہونے والے پاسداران انقلاب کے اہم کمانڈرز سمیت 40 سے زائد سنی شیعہ افراد کی شہادت پر اظہار تعزیت کے لیے ان سے ملاقات کی تھی۔ اس موقع پر مولانا انتظار الحق تھانوی نے شہداء کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی، مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ ایرانی قونصل جنرل نے وفد کو بتایا کہ ایرانی حکومت ہمیشہ شیعہ سنی اتحاد کے لیے کوشاں رہی ہے اور یہ سانحہ جب ہوا کہ پاسداران انقلاب کے اہم کمانڈرز و افسران اور سنی العقیدہ بلوچ، قائدین عمائدین قیام امن اور وحدت امت کے سلسلے میں مشترکہ جرگہ کر رہے تھے۔ یہ تمام سازشیں مغربی استعمار کی ہیں، ہمارے لیے المیہ یہ ہے امریکا مسلمانوں کے درمیان اختلافات کے لیے ایسے ایجنٹوں کو استعمال کر رہا ہے جو بظاہر مسلمان ہیں اور جہاد کا نام لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا اعتدال پسند،صلح جو،مقتدر علماء مشائخ کی ذمہ داری ہے کہ ان سازشوں کو ناکام بنائیں۔ متحدہ علماء محاذ کے صدر علامہ مرزا یوسف حسین نے کہا کہ متحدہ علماء محاذ اس نازک موقع پر ایرانی حکومت و عوام اور لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے اور وحدت امت کے لیے ہم جدوجہد کرتے رہیں گے۔ علماء نے سانحہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے پاک ایران تعلقات خراب کرنے کی سازش قرار دیتے ہوئے حکومت پاکستان سے سانحہ میں ملوث عناصر کے خلاف فی الفور بلا امتیاز کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ وفد میں متحدہ علمائے محاذ پاکستان کے نائب صدور مولانا انتظار الحق تھانوی،علامہ شمس الرحمن صدیقی،تحریک علماء پاکستان کے سربراہ مولانا قاری سعید قمر قاسمی،علامہ ڈاکٹر عامر عبداللہ محمدی،علامہ سکندر حسین،مولانا محمد امین انصاری،مزمل صدیقی شریک تھے۔


خبر کا کوڈ: 14330

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/14330/امریکا-جہاد-کا-نام-لینے-والے-ایجنٹوں-کو-استعمال-کر-رہا-ہے-قونصل-جنرل-ایران

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org