QR CodeQR Code

امریکہ کو دنیا کے بارے فیصلوں کی اجازت نہیں دیں گے، پوٹن

6 Mar 2012 11:26

اسلام ٹائمز: صدارتی انتخابات میں کامیابی کے بعد ملکی اور غیر ملکی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے خلاف جنگ رکوانے کی بھرپور کوشش کروں گا۔ امریکہ کی شام میں مداخلت ناقابل قبول ہے۔


 اسلام ٹائمز۔ روس کے صدارتی انتخابات میں کامیاب ہونے والے نومنتخب صدر اور وزیراعظم ولادی میر پوٹن نے صدارتی انتخابات میں دھاندلیوں کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس کے عوام نے ایک بار پھر ان کی قیادت پر اعتماد کیا ہے اور وہ ملک کو ایک بار پھر بڑی سپر طاقت بنائیں گے۔ عالمی سطح پر آنے والے دنوں میں روس کا کردار ہو گا اور اب کسی کو اکیلے دنیا کے فیصلے نہیں کرنے دینگے۔ آنے والے دنوں میں روس کا کردار اہم ہو گا، ایران کے خلاف جنگ رکوانے کی بھرپور کوشش کروں گا۔ وہ صدارتی انتخابات میں کامیابی کے بعد ملکی اور غیر ملکی میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کے ایک گروپ سے بات چیت کر رہے تھے۔ 

ولادی میر پوٹن نے صدارتی انتخابات میں دھاندلیوں کے الزامات کے بارے میں کہا کہ اس طرح کے الزامات تو ہر بار لگتے رہتے ہیں لیکن مجھے اس کی پروا نہیں۔ پوٹن نے اس بات کا پھر اعادہ کیا کہ وہ دمیتری میدوف کو اپنا وزیر اعظم بنائینگے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی مالیاتی بحران کے باوجود روس کی معیشت کو مضبوط بنانے اور ملک کے مالی ذخائر میں اضافہ کرنے میں ہمیں کامیابی ہوئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج روس دنیا کی پانچ بڑی معاشی قوتوں میں شامل ہے۔ 

انہوں نے دنیا کے کئی حصوں میں ہونے والی غیر ملکی مداخلت خصوصاً امریکہ کی شام اور ایران کے معاملات میں مداخلت پر کہا کہ وہ تمام حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ امریکہ کو شام کے معاملات میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔ روس کا مقصد کسی ایک فریق کو مدد دینے کی بجائے امن کی بحالی میں مدد کرنا ہے۔ پوٹن نے زور دے کر کہا کہ گذشتہ دس سالوں میں بین الاقوامی مسائل کے حل کے لئے فوجی طاقت کے استعمال کا پریشان کن رجحان پیدا ہوا ہے۔ روس ایسی پالیسی کے قطعی خلاف ہے۔


خبر کا کوڈ: 143317

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/143317/امریکہ-کو-دنیا-کے-بارے-فیصلوں-کی-اجازت-نہیں-دیں-گے-پوٹن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org