0
Tuesday 6 Mar 2012 16:38

پیپلز پارٹی کا دور اقتدار کرپشن اور عوام دشمنی سے عبارت ہے، محمد حسین محنتی

پیپلز پارٹی کا دور اقتدار کرپشن اور عوام دشمنی سے عبارت ہے، محمد حسین محنتی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا 4 سالہ دور اقتدار کرپشن، بد عنوانی، افراتفری، بدامنی اور نااہلی سے عبارت ہے، ملکی وسائل عوامی مسائل کے حل کے بجائے اپنی شاہ خرچیوں پر لٹائے گئے۔ آج معیشت دگرگوں ہے، امن و امان کی صورتحال ابتر اور کسی کی جان و مال کو تحفظ حاصل نہیں، غربت، مہنگائی اور بے روزگاری کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے پورا ملک حکمرانوں کی نااہلی، ناکامی اور بدانتظامی پر نوحہ پڑھ رہا ہے۔ ایک طرف پانی، بجلی اور گیس کا بحران ہے تو دوسری جانب گیس اور بجلی کی بندش اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے عوام اور تاجروں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، معیشت کا پہیہ جام ہورہا ہے، توانائی کے بحران کی وجہ سے اب تک سینکڑوں ملیں، فیکٹریاں بند ہوچکی ہیں جس کے نتیجے میں لاکھوں افراد بے روزگار ہوچکے ہیں، امن و امان کی ابتر صورتحال کی وجہ سے سرمایہ بیرون ملک منتقل ہورہا ہے، اس کے باوجود ہمارے حکمران سب اچھا ہے کا راگ الاپ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بجلی پیٹرول، سی این جی اور ایل پی جی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کرکے غریب عوام کی کمر دوہری کردی گئی ہے۔ عوام جس کسمپرسی میں زندگی گزار رہے ہیں حکمرانوں کو اس کا قطعا احساس نہیں انہیں صرف اپنی تجوری بھرنے سے دلچسپی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کا کوئی جواز نہیں تھا، اس سے مہنگائی کا نیا طوفان جنم لے گا، روٹی، کپڑا اور مکان ہر انسان کا بنیادی حق ہے یہ پیپلز پارٹی کا منشور بھی ہے مگر عوام کو روٹی، کپڑے سے بھی محروم کرنے کی پالیسیوں پر عمل درآمد کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام مہنگائی اور بے روزگاری سے تنگ آگئے ہیں اگر یہی صورتحال برقرار رہی اور عوامی مسائل حل کرنے پر توجہ نہ دی گئی تو بپھرے ہوئے عوام کا احتجاج کوئی بھی رخ اختیار کرسکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 143417
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش