0
Wednesday 7 Mar 2012 19:13

بھارت افغانستان کے راستے دہشت گردوں کو پاکستان بھیج رہا ہے، صاحبزادہ فضل کریم

بھارت افغانستان کے راستے دہشت گردوں کو پاکستان بھیج رہا ہے، صاحبزادہ فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل کے دفتر میں ’’بھارت ہمارا دشمن یا دوست؟‘‘ کے موضوع پر مجلس مذاکرہ سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر سے آنے والے دریاؤں پر ڈیم بنا کر پاکستان کو بنجر بنانے کی سازش کر رہا ہے، بھارتی آبی دہشت گردی کو روکنے کے لیے حکومت عالمی سطح پر آواز اٹھائے، بھارت نے دریائے چناب پر 24، دریائے جہلم پر 52 اور دریائے سندھ پر 18 آبی منصوبے تعمیر کر کے 1960ء کے سندھ طاس معاہدے کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی ڈیموں کی وجہ سے پاکستان کی 70 لاکھ ایکڑ آباد زمینیں بنجر ہو جائیں گی۔ اس لیے حکومت اور اپوزیشن پانی کے اس سنگین مسئلہ کے حل کے لیے متحد ہو جائے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ پاکستانی سرحد کے قریب راجستھان میں امریکہ اور بھارت کی مشترکہ جنگی مشقیں خطرے کی گھنٹی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برصغیر کے ڈیڑھ ارب سے زائد انسانوں کو امن فراہم کرنے کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے۔

صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ کشمیر کا تنازعہ 65 سال سے حل طلب ہے اور بھارت کی 7 لاکھ فوج مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی انتہا کر رہی ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ دریاؤں کا پانی پاکستان کے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، اس لیے وزارت پانی و بجلی اور انڈس واٹر کمیشن کے حکام پاکستان آنے والے دریاؤں پر بننے والے بھارتی ڈیموں کی تعمیر رکوانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ پاکستانی قوم پاکستان کو بنجر بنانے کے بھارتی منصوبے کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دے گی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت افغانستان کے راستے دہشت گردوں کو پاکستان بھیج رہا ہے جو بلوچستان اور قبائلی علاقہ جات میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لئے ضروری ہے کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ بھارت کو خطے کا تھانیدار بنانا چاہتا ہے جس کی وجہ سے پورے خطے میں بے گناہ انسانوں کا لہو بہہ رہا ہے، اس صورتحال کا انسانی حقوق کے اداروں کو نوٹس لینا چاہیے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ حکومت پاکستان بلوچستان میں بھارتی مداخلت کے ثبوت عالمی برادری کے سامنے پیش کرے۔

مجلس مذاکرہ سے خواجہ جمشید امام، پروفیسر امجد طفیل، کامران بھٹہ ایڈووکیٹ، پیر محمد اطہر القادری، مفتی محمد حسیب قادری، شیخ اظہر سہیل، محمد نواز کھرل، زاہد حسن، رائے صلاح الدین ایڈووکیٹ اور حافظ زاہد رازی نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 143766
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش