0
Friday 9 Mar 2012 02:14

سیاسی انتقام کا سلسلہ عوام اور قیادت کے منتشر رہنے تک جاری رہیگا، شبیر شاہ

سیاسی انتقام کا سلسلہ عوام اور قیادت کے منتشر رہنے تک جاری رہیگا، شبیر شاہ
اسلام ٹائمز۔ فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر احمد شاہ نے واضح کیا ہے کہ سیاسی انتقام گیری تب تک جاری رہے گی جب تک عوام اور قیادت منتشر رہیں گے اور اتحاد نہیں ہوگا۔ مسلکی اختلافات کو ہوا دینا اور عیسائی مشنریوں کے ذریعہ مسلمانوں کو اشتعال دلانا دشمنوں کی کوششیں ہیں جن کا مقصد مسلمانوں کی سیاسی یکجہتی کو نقصان پہنچانا ہے۔ بڈگام کے پارٹی کارکنوں کے جموں و کشمیر کی موجودہ سیاسی صورت حال کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں تنظیمی اور تحریکی معاملات زیر غور آئے۔ شبیر شاہ نے پارٹی کارکنوں پر واضح کیا ہے کہ وہ عوام کے دکھ درد میں شریک ہو کر ان کا اعتماد حاصل کرنے کی کوشش کریں جبکہ ان پر فوج اور فورسز کے جو مظالم ہو رہے ہیں ان کے خاتمہ میں ان کی مدد کریں۔ 

شبیر شاہ  نے مزید کہا کہ سیاسی انتقام گیری، نوجوانوں کی پکڑ دھکڑ اور انسانی حقوق کی پامالیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک قیادت اور عوام منتشر رہیں گے اور انتشار سے بچنے کا واحد ذریعہ اتحاد ہے۔ شبیر احمد شاہ نے کہا کہ جب تک عوام تحریک آزادی سے پوری طرح نہیں جڑ جاتے وہ سرکاری عذاب و عتاب کا شکار رہیں گے، اسلئے ضروری ہے کہ فر یڈم پارٹی کو مضبوط اور فعال بنانے کے لئے تحریکی پروگرام کو قریہ قریہ اور گھر گھر پہنچایا جا ئے۔ فریڈم پارٹی کے سربراہ نے اس بات کی وضاحت کی کہ جسطرح مچھلی پانی کے بغیر اور پانی سے باہر زندہ نہیں رہ سکتی اسطرح کسی تحریک کی قیادت عوام سے دور رہ کر تحریکی لحاظ سے زندہ نہیں رہ سکتی۔
 
انہوں نے پارٹی کارکنوں سے کہا کہ وہ عوام میں جا کر ان کے مسائل سمجھنے اور پھر انہیں سمجھانے کی کوشش کریں کہ تحریک کا مقصد بھی عوام کے پیدائشی حقوق کو بحال کرا کے ان کا تحفظ کرنا ہے تاکہ تحریک مخالف قوتوں کی فریب کاریوں سے عوام کا بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مسلکی اختلافات کو ہوا دینا، عیسائی مشنریوں کے ذریعہ مسلمانوں کو اشتعال دلانا یہ سب دشمنانہ کوششیں ہیں جن کا مقصد مسلمانوں کی سیاسی یک جہتی کو زک پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو اللہ کی رسی کو مضبوطی سے پکڑنا چاہئے اور غیر مسلموں اور اقلیتوں کو اپنی امانت سمجھنا چاہئے، آزادی کی برکتوں سے جس طرح مسلمان فیضیاب ہونگے اسے طرح پنڈت، سکھ، ڈوگرہ، بودھ اور عیسائی بھی فیضیاب ہونگے۔
خبر کا کوڈ : 144033
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش