0
Friday 9 Mar 2012 19:50

بلوچ بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے لاہور میں یوم یکجہتی بلوچستان منایا گیا

بلوچ بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے لاہور میں یوم یکجہتی بلوچستان منایا گیا
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی، دفاع پاکستان کونسل اور جماعۃالدعوۃ کی اپیل پر بلوچستان میں امریکی و بھارتی مداخلت کے خلاف اور بلوچ بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر میں یوم یکجہتی بلوچستان منایا گیا۔ لاہور سمیت سندھ بھر میں جماعۃ الدعوۃ کے زیراہتمام نماز جمعہ کے بعد مظاہرے، ریلیاں اور جلسے منعقد کئے گئے۔ لاہور میں مرکزی پروگرام جماعۃ الدعوۃ کے مرکز مسجد قادسیہ چوبرجی سے حافظ محمد سعید کی قیادت میں ریلی برآمد ہوئی جس لاہور پریس کلب پہنچ کر جلسہ کی شکل اختیار کر گئی۔

ریلی میں دینی مدارس کے طلباء سمیت تمام مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ جماعۃ الدعوۃ نے دفاع پاکستان کونسل کی اپیل پر گزشتہ روز ملک بھر کی طرح لاہور میں بھی ’’یوم یکجہتی بلوچستان‘‘ منایا۔ شہر کی مساجد میں بلوچ بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے خصوصی خطبات جمعہ ہوئے اور مسئلہ بلوچستان کے حل اور ملکی استحکام و قیام امن کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ بعد نماز جمعہ شہر بھر کی مساجد میں کے باہر مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔

شہر بھر سے برآمد ہونے والی ریلیاں مختلف علاقوں سے ہوتی ہوئیں لاہور پریس کلب پہنچیں جہاں بلوچ عوام کو یکجہتی کا پیغام دینے کے لیے جلسہ عام منعقد کیا گیا۔ شرکا ء نے ہاتھوں میں کلمہ طیبہ والے پرچم، کتبے، پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر ’’بلوچستان میں امریکی و بھارتی مداخلت نامنظور نامنظور‘‘  ’’بلوچستان سے رشتہ کیا لاالہ اللہ‘‘ اور ’’سب کہہ رہے ہیں یک زبان۔ بلوچستان ہماری جان‘‘ جیسی تحریریں درج تھیں۔ شرکاء امریکا اور بھارت کے خلاف پرجوش نعرے لگا رہے تھے۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت الدعوہ حافظ محمد سعید، جماعت اسلامی لاہور کے امیر امیرالعظیم اور دیگر مقررین نے کہا کہ بلوچستان میں امریکہ اور بھارت گھناؤنا کھیل کھیلنے میں مصروف ہے اور اس حوالے سے حکومت پاکستان کی خاموش سوالیہ نشان ہے۔ مقررین نے کہا کہ پاکستان کے عوام بلوچستان اور بلوچ بھائیوں کے لئے اپنی جانیں قربان کرنے کے لئے تیار ہیں، ہم بلوچستان میں بھارت اور امریکہ کی تمام سازشیں ناکام بنا دیں گے۔ مقررین نے کہا کہ امریکہ بلوچستان کے قدرتی وسائل پر قبضہ کرنا چاہتا ہے لیکن ہم بلوچستان اور افغانستان کو امریکہ بھارت کا قبرستان بنا دیں گے۔

مقررین نے کہا کہ آج کا یہ اجتماع امریکہ کو متنبہ کرتا ہے کہ اہلیان پاکستان اپنے وطن کی سلامتی کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں اور کسی بھی سازش کا منہ توڑ جواب دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور بھارت مل کر بھی پاکستان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔ رہنماؤں نے بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینے کی بھی مذمت کی اور کہا کہ بھارتی فوج کشمیر میں ہماری بہنوں اور بیٹیوں کی عزتوں کو پامال کر رہی ہے اور ہمارے بے غیرت حکمران بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینے چلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی طور بھی ایسا نہیں ہونے دیں گے، پہلے مسئلہ کشمیر حل کیا جائے اور اس کے بعد بھارت کے ساتھ تجارت کی جائے۔ 

خبر کا کوڈ : 144218
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش