0
Wednesday 4 Nov 2009 14:38

دنیا کا اصلی ترین سامراج امریکی حکومت ہے،رھبر انقلاب اسلامی

دنیا کا اصلی ترین سامراج امریکی حکومت ہے،رھبر انقلاب اسلامی

تھران:  رہبرانقلاب اسلامی نے امریکی حکومت کو دنیا کا اصلی ترین سامراج قرار دیا ہے۔  رہبرانقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے تیرہ آبان بمطابق چار نومبر کی مناسبت سے سکول اور یونیورسٹیوں کے طلباء اور شہداء کے اہل خانہ سے ملاقات میں سامراج کو پہچاننے کے لئے بصیرت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے فرمایا جب تک امریکی حکومت اپنی سامراجی سرشت اور دھونس و دھمکی کی پالیسی سے دستبردار نہیں ہوتی ایران کے عوام اس کی ظاہری صلح پسندی کے فریب میں نہيں آئيں گے اور وہ کسی بھی قیمت پر اپنی آزادی و خود مختاری اور قومی مفادات و حقوق سے پیچھے نہيں ہٹیں گے ۔چار نومبر 1980ء کو امام خمینی کے افکار کے پیرو مسلم طلباء نے تہران میں واقع نام نہاد امریکی سفارتخانے پر قبضہ کرلیا تھا چنانچہ یہ دن ہرسال سامراج کے خلاف جدوجہد کے قومی دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔ رہبرانقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے اس مناسبت سے منعقدہ ایک اجتماع سے خطاب میں مختلف ممالک اور خاص طور پرایران سے مطلق امریکی حکومت کے رویۓ کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا کہ اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد امریکی حکومت نے ایرانی عوام سے معافی مانگنے اور ان کے نقصانات کا ازالہ کرنےکی بجائے ایرانی عوام اوراسلامی نظام کے خلاف سازشیں شروع کردیں اورتہران میں امریکی سفارتخانہ ایران کے خلاف جاسوسی اور سازشوں کا مرکزبن گیا ۔حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے ایرانی عوام کے حوالے سے امریکی حکومت کی گذشتہ تیس سالہ مخاصمت اوردشمنیوں کا ذکرکرتے ہوئے فرمایا کہ امریکیوں کے جرائم کی ایک طویل فہرست ہے ۔ رہبرانقلاب اسلامی نے ایران کے ساتھ مذاکرات کےلئے امریکی صدر کے بظاہر خوبصورت پیغامات اور زبانی وتحریری بیانات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے پہلے دن سے ہی یہ طے کرلیا تھا کہ وہ وقت سے پہلے کسی بھی چیز کے بارے میں فیصلہ نہیں کرے گا۔اور وہ تبدیلی کے نعرے کا عملی میدان میں جائزہ لے گا۔لیکن اس عرصے میں عملی میدان میں جوکچھ دیکھا گیا وہ بیانات سے بالکل مختلف تھا ۔ رہبرانقلاب اسلامی نے اس بات پرتاکید کرتے ہوئے کہ ایرانی عوام اپنی آزادی اورعلمی ٹکنالوجی کی ترقی و پیشرفت کے تحفظ کا تہیہ کئے ہوئے ہيں،فرمایا اگرکوئی بھی ایرانی عوام کے ان حقوق پردست درازی کرنے کی کوشش کرے گا،توایران کےعوام پوری قوت کے ساتھ اس کا جواب دیں گے،اور اس کو گھٹنے ٹیکنے پرمجبور کردیں گے رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ امریکی حکام کوایران کے حالیہ صدارتی انتخابا ت کے بعد کے بلوؤں سے خوش نہيں ہونا چاہئے کیونکہ اسلامی جمہوریہ ایران کی جڑیں ان باتوں‎ سے کہیں زیادہ گہری اور مضبوط ہيں ۔رہبر انقلاب اسلامی کی جانب سے صدارتی انتخابات کے واقعات سے امید یں وابستہ کرنے والوں کو یہ کھلا پیغام اس بات کا غماض ہے کہ ملت ایران اسلامی انقلاب اور بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رحمتہ اللہ علیہ کے بتائے ہوئے راستے پر گامزن ہے اور ماضی کی طرح دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنا دے گی

خبر کا کوڈ : 14427
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش