0
Saturday 10 Mar 2012 17:48

امریکہ کو بلوچستان میں سفارتخانہ کھولنے کی اجازت نہ دینا خوش آئند ہے، سید وسیم اختر

امریکہ کو بلوچستان میں سفارتخانہ کھولنے کی اجازت نہ دینا خوش آئند ہے، سید وسیم اختر
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ بلوچستان مسئلے پر سیاسی و عسکری قیادت دانشمندی کا ثبوت دیتے ہوئے ناراض لوگوں سے مذاکرات کی راہ اختیار کرے، بے گناہ افراد کو اغوا کرنا اور مسخ شدہ لاشوں کا ملنا کسی المیے سے کم نہیں، امریکہ کو بلوچستان میں سفارتخانہ کھولنے کی اجازت نہ دینا خوش آئند ہے، بھارت امریکہ اور اسرائیل مل کر بلوچستان میں مشرقی پاکستان جیسے حالات پیدا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے حکمران ہوش کے ناخن لیں ملک تاریخ کے نازک دور سے گزر رہا ہے۔

امیر جماعت پنجاب نے کہا کہ پاکستان کے حکمرانوں کو چاہئے کہ وہ خارجہ و داخلہ پالیسیوں پر نظر ثانی کریں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنے اقتدار کا دورانیہ پورا کرنے جا رہی ہے مگر بدقسمتی سے عوامی مسائل میں کمی کی بجا ئے اضافہ ہوا، آئے روز پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ غریب عوام پر ڈرون حملہ ہے، حکومت کی جانب سے بجلی کے نرخوں میں ایک مرتبہ پھر 83 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کا مجوزہ فیصلہ قوم مسترد کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عدالتوں کا احترام کریں، ایک شخص کی کرپشن چھپانے کے لئے اداروں کے ساتھ محاذ آرائی کی فضا پیدا کی جا رہی ہے۔

وسیم اختر نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادیوں کے پاس عوام کی فلاح کے لئے کوئی جامع پلان نہیں، ملک کو بحرانوں اور غیر یقینی صورتحال سے نکالنے کے لئے دیانتدار قیادت کی ضرورت ہے، ہم ملک کو بچانے کے لئے جنگ لڑ رہے ہیں۔ ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا کہ وسائل کی منصفانہ تقسیم کی جائے، پاکستان میں کسی چیز کی کوئی کمی نہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ حکمران ذاتی مفادات کو چھوڑ کر قومی مفادات کو عزیز رکھیں، مشرف کی پالیسیوں کا تسلسل ملک و قوم کی تباہی کا باعث ہے۔
خبر کا کوڈ : 144465
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش