0
Sunday 11 Mar 2012 23:32

تشیع کے نزدیک صحابہ کرام اور امہات مومنین کی توہین حرام ہے، علامہ رمضان توقیر

تشیع کے نزدیک صحابہ کرام اور امہات مومنین کی توہین حرام ہے، علامہ رمضان توقیر
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا کے سربراہ علامہ محمد رمضان توقیر نے واضح کیا ہے کہ رہبر معظم جناب سید علی خامنہ ای کے فتوے کے مطابق اہل تشیع کے نزدیک صحابہ کرام اور امہات مومنین کی توہین حرام ہے، امریکہ اور استعمار کی یہ سازش ہے کہ مسلمانوں کے درمیان اختلاف پیدا کیا جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں منعقدہ ''وحدت امت کانفرنس'' سے خطاب کرتے ہوئے کیا، کانفرنس سے مختلف اہل تشیع اور اہل سنت علماء کرام کے علاوہ سیاسی رہنمائوں نے بھی خطاب کیا، علامہ رمضان توقیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ نبی کریم ص کی ذات مبارکہ تمام مسلمانوں کیلئے اتحاد کا محور ہے، ہم صرف اتحاد و وحدت کی خاطر شہداء کی قربانیاں برداشت کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے درمیان ۹۰ فیصد مشترکات جبکہ پانچ سے دس فیصد متنازعہ معاملات ہیں لیکن اسلام کے دشمن نے ہمارے مشترکات کو پس پشت ڈال کر چند اختلافات کو اس طرح اچھالا کہ ہم ایک دوسرے کے دشمن بن گئے اور کفر کے فتوے لگنے لگے۔

انہوں نے کہا کہ جب کلمہ گوئوں میں بریلوی، دیو بندی، شیعہ، سنی سب کو کافر کہا جائے تو مسلمان کون ہے؟ اہل تشیع پر یہ الزام عائد کیا جاتا ہے کہ یہ صحابہ اور امہات مومنین کی توہین کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ اس بارے میں یہ کہوں گا کہ جب ہم قرآن مجید پر یقین رکھتے ہیں تو اسی قرآن میں اللہ تعالیٰ نے انبیاء کی ازواج کو مومنوں کی ماں قرار دیا ہے، تو کوئی بھی شریف مسلمان اور شخص ماں کی توہین نہیں کرسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ اختلافات اپنی جگہ پر موجود ہے، جنگ جمل اور جنگ صفین سے کوئی انکار نہیں کر سکتا، لیکن جہاں تک احترام کا تعلق ہے تو وہ بھی اپنی جگہ موجود ہے اور رہنا چاہئے، انہوں نے کہا کہ ہم ازواج رسول ص کا احترام کرتے ہیں اور ہر مسلمان کایہ ایمان ہونا چاہئے، رہی بات صحابہ کی کہ کسی کو زیادہ محبت اور ترجیح دی جاتی ہے اور کسی کو کم، تو اس بارے میں یہ کہنا چاہوں گا کہ یہ معاملہ تو صحابہ کے درمیان بھی تھا، ہم شیعہ حضرت علی علیہ السلام کو زیادہ ترجیح دیتے ہیں اور انہیں نبی کریم ص کے زیادہ قریب سمجھتے ہیں تو ہمارے پاس دلیل ہے، اسی طرح ہمارے اہل سنت بھائیوں کے پاس بھی حضرت ابوبکر صدیق کیلئے کوئی دلیل ہو گی۔

علامہ رمضان توقیر نے کہا کہ لیکن یہ اختلاف ایسا نہیں ہے کہ ہم ایک دوسرے کی جان کے دشمن ہو جائیں او ر کفر کے فتوے لگائیں۔ امریکہ اور استعمار کی یہ سازش ہے کہ چھوٹی چھوٹی باتوں کو اچھال کر مسلمانوں کے درمیان اختلاف پیدا کیا جائے، شیعہ علماء کونسل کے رہنماء نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں رہبر معظم جناب سید علی خامنہ ای نے فتویٰ دیا ہے کہ صحابہ کی توہین کرنا حرام ہے، اور ایسا کرنے والا اسلام کی خدمت نہیں بلکہ استعمار کی مدد کر رہا ہے، انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ہمارے بزرگوں کے فتوے بھی موجود ہیں اور احترام بھی ہے، اختلاف کی باتوں کو فروغ دیکر جاہل اور سادہ لوح لوگوں کو خرید کر پاکستان کو کمزور کرنے کی سازش کی جا رہی ہے، ان کا کہنا تھا کہ جب پاکستان کمزور ہو گا تو اسلام کمزور ہو گا، کیونکہ پاکستان کی مضبوطی اسلام اور مسلمانوں کی مضبوطی ہے۔
خبر کا کوڈ : 144828
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش