QR CodeQR Code

ہر تھانے کو ایک نئی پولیس موبائل وین اور مزید نفری بھی دی جائیگی، منظور وسان

12 Mar 2012 15:56

اسلام ٹائمز:خیرپور سے آئے ہوئے عمائدین کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس ملازمین اور ان کے اہل خانہ کی گروپ انشورنس بھی کرائی جائے گی جبکہ مزید 700 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز بھی بھرتی کئے جائیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ سندھ پولیس میں نفری کی ضرورت کو پورا کرنے کیلئے سپاہیوں کی بھرتی کا عمل جاری ہے جبکہ مزید 700 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز بھی بھرتی کئے جائیں گے۔ فورس کے افسران کی استعداد کار کو بڑھانے کیلئے بیرون ملک ٹریننگ کا منصوبہ بھی زیر غور ہے جس کیلئے جاپان، امریکہ، برطانیہ اور یورپی یونین کی جانب سے تعاون کی پیشکش کی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر داخلہ سندھ منظور حسین وسان نے وسان ہاؤس کراچی میں خیر پور سے آئے ہوئے عمائدین کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس فورس کو بین الاقوامی معیار کے مطابق وسائل اور سہولتوں کی فراہمی کیلئے صدر مملکت آصف علی زرداری کی ہدایات کی روشنی میں کام ہو رہا ہے۔ ہر تھانے کو ایک نئی پولیس موبائل وین اور مزید نفری بھی دی جائیگی۔ محکمے میں بہبود کے کاموں کی غرض سے اہم مقامات پر موجود پولیس اراضی پر ہائی رائز پلازہ بنائے جائیں گے جن کے گراؤنڈ فلور پر دکانیں اور شاپنگ سینٹرز جبکہ بالائی منزلوں پر رہائشی فلیٹ بنائے جائیں گے جن کے کرائے سے حاصل ہونے والی آمدنی شہید و ریٹائرڈ ملازمین کی بہبود کیلئے خرچ کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ پولیس ملازمین اور ان کے اہل خانہ کی گروپ انشورنس بھی کرائی جائے گی۔


خبر کا کوڈ: 145066

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/145066/ہر-تھانے-کو-ایک-نئی-پولیس-موبائل-وین-اور-مزید-نفری-بھی-دی-جائیگی-منظور-وسان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org