0
Tuesday 13 Mar 2012 01:06

غزہ پر بمباری اسرائیلی بربریت ہے، فلسطینیوں کو تنہاء نہیں چھوڑیں گے، اردن و قطر

غزہ پر بمباری اسرائیلی بربریت ہے، فلسطینیوں کو تنہاء نہیں چھوڑیں گے، اردن و قطر
اسلام ٹائمز۔ اردن اور قطر نے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری کی شدید مذمت کی ہے، دونوں عرب ملکوں نے غزہ پر حملوں کو وحشیانہ، جارحانہ اور ریاستی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ غزہ پر بمباری کے نتائج کی تمام تر ذمہ داری تل ابیب پر عائد ہوتی ہے، مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اردن کے وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات اور حکومت کے ترجمان راکان المجالی نے عمان میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ غزہ پر اسرائیلی فوج کے حملے ناقابل برداشت اور بلا جواز ہیں، اردن اپنے فلسطینی مظلوم بھائیوں کو تنہاء نہیں چھوڑے گا، انہوں نے کہا کہ غزہ شہر اسرائیل کی جانب سے گذشتہ چھ سال سے معاشی ناکہ بندیوں کا شکار ہے اور عالمی برادری نے بھی مظلوم فلسطینیوں کی امداد کے لیے کچھ نہیں کیا۔
 
ان کا کہنا تھا کہ اب اسرائیل نے ایک مرتبہ پھر شہر پر وحشیانہ جارحیت شروع کر دی ہے جس پر عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، اردنی عہدیدار کا کہنا تھا کہ ان کا ملک فلسطینیوں کو تنہاء کرنے یا انہیں دیوار سے لگانے کی کسی سازش کی حمایت نہیں کرے گا، غزہ پر حملے برداشت سے باہر ہیں اور اس کے سنگین نتائج کی تمام تر ذمہ داری بھی صہیونی حکومت پر عائد ہو گی، دریں اثناء خلیجی ملک قطر نے بھی غزہ کی پٹی پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی ہے، قطری وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں سلامی کونسل اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی یلغار بند کرانے کے لیے صہیونی حکومت پر دبائو ڈالیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی بربریت عالمی انسانی حقوق اور بین الاقوامی امن معاہدوں کی سنگین خلاف ورزی ہے، اس کے تمام منفی نتائج کا ذمہ دار اسرائیل ہو گا۔
خبر کا کوڈ : 145129
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش