0
Tuesday 13 Mar 2012 19:55

تحریک طالبان پنجاب کی شہری کو دھمکی، 3 کروڑ روپے کا مطالبہ

تحریک طالبان پنجاب کی شہری کو دھمکی، 3 کروڑ روپے کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ تحریک طالبان پنجاب کی طرف سے مصری شاہ لاہور کے ایک رہائشی کو تین کروڑ روپے کے فنڈز فراہم کرنے کی دھمکیاں موصول ہونے لگیں اور رقم نہ دینے کی صورت میں گھر کے باہر کریکر دھماکا کر کے خوف زدہ کر دیا۔ دھماکے کے بعد علاقہ میں بھی خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ مصری شاہ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ مصری شاہ کے علاقہ ایلیٹ پارک کے رہائشی محمد ریحان نے تھانہ مصری شاہ میں درخواست دی ہے کہ اسے تحریک طالبان پنجاب کی طرف سے 19 فروری کو ایک خط کے ذریعے ان کے فنڈ میں تین کروڑ روپے جمع کروانے کی ہدایت کی گئی اور دھمکیاں دی گئیں کہ اگر اس نے کسی قانون نافذ کرنے والے ادارے کو اطلاع دی تو اس کے گھر کو اڑا دیا جائے گا۔

تاجر محمد ریحان کے مطابق اس کے گھر کے باہر ایک کریکر دھماکا بھی کیا گیا ہے جو معمولی نوعیت کا تھا۔ شہری ریحان نے پولیس سے تحفظ فراہم کرنے کی درخواست کی ہے جب کہ پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گرد عناصر اسی طرح لوگوں کو ہراساں کر کے رقوم بٹورتے ہیں اور پھر اسے دہشت گردی کی وارداتوں میں استعمال کرتے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کسی بھی شہری کو اس قسم کی کوئی فون کال یا خط موصول ہو تو وہ دہشت گردوں کی نیٹ ورک کا حصہ بننے کی بجائے ہم سے رابطہ کریں ہم انہیں مکمل تحفظ بھی فراہم کریں گے اور ان کی مدد سے ملزمان تک بھی پہنچنے میں آسانی ہو گی۔ تھانہ مصری شاہ کے ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ عوام کے تعاون کے بغیر ہم معاشرے سے جرائم کا خاتمہ نہیں کر سکتے عوام بلاجھجھک ہم سے رابطہ کریں ہم ہر قسم کا تعاون کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 145416
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش