0
Friday 16 Mar 2012 09:16

پنجاب یونیورسٹی میں کتاب میلے کا افتتاح، جمعیت کی نعرے بازی

پنجاب یونیورسٹی میں کتاب میلے کا افتتاح، جمعیت کی نعرے بازی
اسلام ٹائمز۔ پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناء اللہ خان نے پنجاب یونیورسٹی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران کے ہمراہ جامعہ پنجاب کے ادارہ تعلیم و تحقیق کے مین کوریڈور میں یونیورسٹی انتظامیہ کے زیر انتظام  تین روزہ کتاب میلے کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر رانا ثناء اللہ نے کتاب میلہ کے انعقاد پر پنجاب یونیورسٹی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کتابوں کی 50 فیصد تک ڈسکاﺅنٹ پر فروخت پر مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ علم کی پیاس بجھانے کے لئے ایسی سرگرمیاں ہوتی رہنی چاہئیں۔
 
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ وائس چانسلر کی پوسٹ پر تجربہ کار شخصیت کی ضرورت ہوتی ہے اور ہم ڈاکٹر مجاہد کامران جیسے قابل افراد کو کھونا نہیں چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر کی تقرری کا جو قانون ہے، اگر اس میں کوئی ابہام ہے تو ہم اسے دور کرنے کے لئے قانون سازی کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم وائس چانسلر کی پوسٹ پر عمر کی حد 65 سال برقرار رکھیں گے۔ 

اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہا کہ پاکستان کے تمام مسائل کا حل تعلیم ہے اور علم کا وسیلہ کتاب ہے۔ ہم جتنا کتب کا مطالعہ کریں گے اتنا ہی سوچنے کے عادی ہوں گے اور ہمارے مسائل حل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کے مطابق ہم پر علم فرض ہے اور یہ وہ قرآنی حکم ہے جس کی ہم تعمیل نہیں کر رہے اور دنیا میں نقصان اٹھا رہے ہیں۔ وائس چانسلر نے کتاب میلے کا دورہ کیا اور چند کتابیں بھی خریدیں۔
 
اس موقع پر مختلف شعبہ جات کے سربراہان، اساتذہ، اور طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اپنی چار سالہ روایات کے تحت اس بار بھی پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ نے اس میلے کا انعقاد کیا ہے۔ کتاب میلے میں کم و بیش 150 نامور بک سیلرز، پبلشرز، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اداروں اور کیریئر کونسلرز نے اپنے سٹالز قائم کیے ہیں جو کہ مختلف مقامی اور دارٓمدہ کتابوں پر 10 سے 50 فیصد تک ڈسکاونٹ دے رہے ہیں۔
 
کتاب میلے کے پہلے روز بڑی تعداد میں طلبہ، سیاسی، سماجی مذہبی شخصیات، صحافی، ڈاکٹر، وکلاء اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ طلبہ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کتاب میلے کے انعقاد سے انہیں نصابی و غیر نصابی کتب کم قیمت پر خریدنے کا موقع ملا ہے جو کہ اس مہنگائی کے دور میں طلبہ کو فراہم کرنا یونیورسٹی انتظامیہ کی علم دوست پالیسی کا واضح ثبوت ہے۔ 

اس موقع پر چوتھے سال بھی کتاب میلہ منعقد کرانے میں ناکامی پر اسلامی جمعیت طلبا نے افتتاح کے موقع پر نعرے بازی کے پروگرام کو خراب کرنے کی ناکام کوشش کی۔ جماعت اسلامی کے رہنما فرید پراچہ کے ہمراہ جمعیت کے کارکنوں نے شدید نعرے بازی کر کے وزیر قانون پنجاب اور وائس چانسلر کو اپنی موجودگی کا احساس دلایا۔

پنجاب یونیورسٹی میں لگنے والا کتاب میلہ اپنی نوعیت کے اعتبار سے یوں بھی منفرد ہے کیوں کہ اس میں فہم سیرت ماڈل کی نمائش بھی کی جا رہی ہے۔ جس میں دارالسلام کی جانب سے مسجد نبوی اور غزوہ بدر کے قدیم ماڈلز رکھے گئے ہیں۔ کتاب میلہ 17۔ مارچ تک جاری رہے گا۔
خبر کا کوڈ : 145989
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش