0
Sunday 18 Mar 2012 02:22

پیپلزپارٹی نے سب سے زیادہ آئین کو نقصان پہنچایا، جاوید ہاشمی

پیپلزپارٹی نے سب سے زیادہ آئین کو نقصان پہنچایا، جاوید ہاشمی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے سب سے زیادہ نقصان آئین کو پہنچایا ہے، ذوالفقار علی بھٹو نے 1973ء میں جس روز آئین منظور کرایا اسی روز ملک میں ایمرجنسی لگوا دی تھی، یہ بات انہوں نے تحریک انصاف خانیوال سٹی کے دفتر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہی، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے آئین کے ساتھ توہین آمیز رویہ اپنا رکھا ہے، آئین پر اگر عمل نہ کیا جائے تو پھر آئین کی کیا حیثیت ہے، یہ لوگ آئین کا تقدس نہیں سمجھتے، ان کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی کا طوفان آیا ہوا ہے، دونوں پارٹیوں نے تحریک انصاف سے خوفزدہ ہوکر اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنا شروع کردیئے ہیں اور نت نئے ڈرامے رچائے جارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور میرے بارے میں ڈس انفارمیشن پھیلائی جارہی ہے، تحریک انصاف پورے پاکستان سے الیکشن میں حصہ لے گی اور انشاء اﷲ کامیاب بھی ہوگی، جاوید ہاشمی نے کہا کہ ہر جماعت میں مشرف کابینہ کے لوگ وافر تعداد میں موجود ہیں، وزیراعظم سپریم کورٹ آف پاکستان کے متعلق کہتا ہے کہ وہ خلاف آئین آرڈر دے رہی ہے، وزیراعظم کے اس بیان سے عوام کو مولا جٹ کا پیغام دیا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ ملک سنگین حالات سے دو چار ہے، اگلے دو تین روز میں ایک بااصول سیاسی جماعت تحریک انصاف میں مرج ہورہی ہے، اس موقع پر فیصل خان نیازی، رانا نوید احمد، اصغر بلوچ، رانا عثمان، وزیر نیازی رائو ضیاء اﷲ، کرنل عابد کھگہ اور خالد کھوکھر بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 146422
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش