QR CodeQR Code

امریکہ کو خدا حافظ کہنا ہی ملکی سلامتی اور قومی مفاد کا تقاضا ہے، صاحبزادہ فضل کریم

19 Mar 2012 20:48

اسلام ٹائمز: سنی اتحاد کونسل کے سربراہ کا کہنا ہے کہ مسلمانوں پر دہشتگردی کا الزام لگانے والے بتائیں کہ کیا پہلی اور دوسری جنگ عظیم مسلمانوں نے شروع کی تھی، بھارت پانی روک کر پاکستان کی زراعت کو مفلوج کر رہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ اتفاق ہسپتال لاہور میں سنی اتحاد کونسل پاکستان کے سیکرٹری جنرل حاجی محمد حنیف طیب کی ہمشیرہ کی عیادت کے بعد پارٹی کارکنوں اور علماء و مشائخ سے گفتگو کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ نیٹو سپلائی کی بحالی کی تجویز مسترد کر کے عوامی امنگوں کی ترجمانی کرے، امریکہ کو خدا حافظ کہنا ہی ملکی سلامتی اور قومی مفاد کا تقاضا ہے، مسلمانوں پر دہشتگردی کا الزام لگانے والے بتائیں کہ کیا پہلی اور دوسری جنگ عظیم مسلمانوں نے شروع کی تھی، بھارت پانی روک کر پاکستان کی زراعت کو مفلوج کر رہا ہے، بھارت کے دفاعی بجٹ میں اضافہ سے علاقائی طاقت کا توازن متاثر ہو گا۔

صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ اسمبلیاں امیروں کے کلب بن چکی ہیں، پوری پارلیمنٹ میں ایک بھی غریبوں کا نمائندہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دفاعی اداروں پر بلاوجہ تنقید کر کے سرحدوں کی حفاظت کرنے والے جوانوں کی حوصلہ شکنی نہ کی جائے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ پارلیمنٹ پاکستان میں امریکی مداخلت کے سامنے ڈھال کا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ اگر عوامی مسائل حل نہ ہوئے تو خونی انقلاب قوم کا مقدر بنے گا۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے کہا کہ مہران بینک سکینڈل امانت میں خیانت کی بدترین مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سرمائے میں خیانت کے مجرموں کو عبرت ناک سزا دینا ضروری ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ غریب کی زندگی درندگی اور شرمندگی کے درمیان بسر ہو رہی ہے اور لوڈشیڈنگ نے ملک کو اندھیر نگری بنا دیا ہے۔ 


خبر کا کوڈ: 146859

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/146859/امریکہ-کو-خدا-حافظ-کہنا-ہی-ملکی-سلامتی-اور-قومی-مفاد-کا-تقاضا-ہے-صاحبزادہ-فضل-کریم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org