0
Tuesday 20 Mar 2012 18:30

وزیراعظم عوام کے بجائے ملزم کے ساتھ کھڑے ہیں، عمران خان

وزیراعظم عوام کے بجائے ملزم کے ساتھ کھڑے ہیں، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جنرل احمد شجاع پاشا کے جانے کے بعد بھی سونامی نہیں رکا، مخالفین کے دعوے دھرے رہ جائیں گے، وزیر اعظم عوام کی لوٹی ہوئی رقم واپس لانے کی بجائے آئین کی خلاف ورزی کر کے مجرموں کا ساتھ دے رہے ہیں۔ بہاولپور روانگی سے قبل لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ وزیراعظم عوام کے بجائے ملزم کے ساتھ کھڑے ہیں اور عدالت پر حملے کے مرتکب ہو رہے ہیں، وہ صدر کی چوری کی ہوئی رقم بچانے کے بجائے عوام کی دولت کی حفاظت کریں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف میں اندرونی اختلافات نہیں، ضمنی الیکشن نہ لڑنے کا فیصلہ پارٹی مشاورت سے کیا۔ انہوں نے کہا کہ رحمان ملک کے پاس شواہد ہیں تو بلیک میل کرنے کے بجائے عدالت میں شواہد پیش کریں۔ عمران خان نے کہا کہ سونامی کے حوالے سے مسلم لیگ ن کی غلط فہمی جلد دور ہو جائیگی۔ عمران خان نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے دو روزہ دورے پر جا رہا ہوں، صوبے انتظامی بنیادوں پر بننے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ سب دیکھ لیں جنرل پاشا کے نہ ہونے کے باوجود سونامی بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ایک قومی مجرم کے ساتھ کھڑے ہیں انہیں عوام کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پارٹی میں کوئی اختلافات نہیں، جاوید ہاشمی کو صدر بنانے کا فیصلہ سی ای سی نے کیا۔ عمران خان نے کہا کہ وزیراعظم کا کام عوام کی لوٹی ہوئی دولت واپس کرانا ہوتا ہے، اگر وہ چوری کا پیسہ نہیں تو وزیر اعظم خط کیوں نہیں لکھ دیتے، وہ عوام کی لوٹی ہوئی رقم واپس لانے کی بجائے آئین کی خلاف ورزی کر کے مجرموں کا ساتھ دے رہے ہیں۔ 

خبر کا کوڈ : 147052
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش