0
Wednesday 21 Mar 2012 01:33

ملتان، جماعت اسلامی کا پٹرولیم قیمتوں میں اضافے، مہنگائی، بے روزگاری کیخلاف احتجاج

ملتان، جماعت اسلامی کا پٹرولیم قیمتوں میں اضافے، مہنگائی، بے روزگاری کیخلاف احتجاج
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی ضلع ملتان کے زیر اہتمام پٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے، بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری، کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس کی قیادت جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ، صوبائی نائب امیر چودھری عزیر لطیف، امیر ضلع پروفیسر افتخار چودھری و دیگر رہنمائوں نے کی۔
اس موقع پر لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت نے تیل، بجلی، سی این جی، ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ کرکے غریب، مزدور اور سفید پوش طبقہ سے زندہ رہنے کا حق چھینا لیا ہے، پیپلز پارٹی اور اس کی اتحادی جماعتیں کرپشن کی بادشاہ اور عوام کے لیے عذاب بن گئی ہیں۔ سرکار کی طرف سے قیمتوں میں اضافہ سے مہنگائی عوام کا کچومر نکال دے گی، سیلابوں، زلزلوں اور سونامی میں کسی نہ کسی طرح عوام کے بچائو کا کوئی راستہ نکل آتا ہے لیکن حکمرانوں کی عیاشیوں، معاشی بحران، مہنگائی کے سیلاب سے غریب اور متوسط طبقہ کا بچنا ناممکن ہے۔ 

لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت کے چار سالہ دور اقتدار میں تیل، بجلی، گیس، پانی، کھاد، بیچ، ادویات، آٹا، چاول، دال، گھی، تعلیم، صحت اور اخراجات میں درجہ بدرجہ 100 سے 400 فیصد اضافہ ہو گیا ہے، جو حکمران عوام کی جان، مال اور عزت کی حفاظت نہ کر سکیں ملک و ملت کو بیرونی دشمنوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیں اور اپنی نااہلی اور بد انتظامی سے عوام کے لیے معاشی عذاب مسلط کردیں انہیں اقتدار پر رہنے کا کوئی حق نہیں، انہوں نے کہا کہ سالانہ بجٹ کے بعد حکومت سال میں پانچ مرتبہ منی بجٹ لاچکی ہے۔ جو پارلیمنٹ، آئین اور جمہوریت کی توہین ہے، جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس فوری طور پر بلایا جائے، ملک میں معاشی بحران اور حکومتی نا اہلی سے عوامی زندگیوں کے بچائو کے لیے تدابیر کا فیصلہ کیا جائے، پارلیمنٹ قیمتوں میں ناروا اضافہ مسترد کر دے اور حکومت کے عوام پر منی بجٹ مسلط کرنے کے غیر آئینی اقدامات کا محاسبہ کرے۔
 
ان کا کہنا تھا کہ اسی میں ہی ممبروں اور جمہوریت کی بقا ہے وگرنہ عوام کا ردعمل سب کچھ بھسم کر دے گا۔ ملازمت پیشہ افراد، مزدور و محنت کش طبقہ، پنشنرز اور نجی اداروں کے ملازمین کی تنخواہوں، معاوضوں میں فوری طور پر مہنگائی اور افراط زر کی شرح سے اضافہ کیا جائے، انہوں نے کہا کہ حکومت داخلہ، خارجہ، اقتصادی محاذ پر ناکام ہو چکی ہے، ملک میں کرپشن اپنی انتہاء کے مسلسل ریکارڈ توڑ رہی ہے، اداروں میں تصادم، ملک بھر میں عوامی مفادات کے تحفظ میں حکومت ناکام اور جمہوریت، سیاسی عمل اور انسانی بنیادی حقوق کے لیے خطرناک ہو گئی ہے۔ اس لیے بلاتا خیر قومی انتخابات کا اعلان کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 147117
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش