0
Wednesday 21 Mar 2012 19:44

رحیم یار خان، کلرکس ایسوسی ایشن کا حکومت کیخلاف کفن پوش دھرنا

رحیم یار خان، کلرکس ایسوسی ایشن کا حکومت کیخلاف کفن پوش دھرنا
اسلام ٹائمز۔ ایپکا کے چارٹر آف ڈیمانڈ کی منظوری اور تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافے نہ کیے جانے کے خلاف ضلع رحیم یارخان میں آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام حکومت کے خلاف کفن پوش ریلی نکالی گئی اور دھرنا دیا گیا۔
ڈی سی او رحیم یار خان قاضی احمد جاوید قاضی نے ایپکا کے عہدیداران اور ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مطالبات حکومت تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی۔ تفصیل کے مطابق آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے اور ایپکا کے چارٹر آف ڈیمانڈ منظور نہ کیے جانے کے خلاف ایک کفن پوش ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ جو کہ محکمہ ہائی وے صادق کلب سے شروع ہوئی۔
 
احتجاجی ریلی کی قیادت ایپکا کے ضلعی صدر رانا احسان الحق، مرکزی رہنماء سردار سجاد احمد خان اور جنر ل سیکرٹری ندیم خان درانی نے کی، ریلی کے شرکاء نے ڈی سی ا و دفتر کے سامنے دھرنا دیا، جس پر ڈی سی او رحیم یار خان نے ریلی کے شرکا سے موقع پر آ کر خطاب کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ضلعی سطح کے مسائل پہلے ہی حل کرنے میں ضلعی حکومت سرگرم ہے جبکہ وفاقی اور صوبائی سطح کے معاملات حکومت تک پہنچائیں جائیں گے۔ اس موقع پر ایپکا کے ضلعی صدر و جنرل سیکرٹری نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے حکومت کو باور کروایا کہ اگر سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ اور ہائوس رینٹ اور میڈیکل الائونس میں وعدہ کے مطابق 300 فیصد اضافہ نہ کیا گیا تو پورے پاکستان سے ایپکا کی قیادت اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہائوس کا گھرائو کرے گی۔
 
ایپکا کے جنرل سیکرٹری ندیم خان درانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ سرکاری ملازمین کے بچے دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں جبکہ حکمران اپنی عیاشیوں اور علاج معالجہ کے لئے آئے روز بیرون ملک دوروں پر قوم کے خون پسینے کی کمائی ضائع کر رہے ہیں، جبکہ عوام بھوک، بے روز گار ی اور مہنگائی سے تنگ آ کر خود کشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔ اس موقع پر ریلی کے شرکاء نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی اور سینہ کوبی کی، آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن سے یکجہتی کرتے ہوئے شیخ زید میڈیکل کالج کی تنظیم کے صدر مصطفی عباسی نے اپنے تمام ساتھیوں کے ساتھ ریلی میں شرکت کرتے ہوئے ایپکا کو یقین دہانی کرائی کہ سرکاری ملازمین کے مطالبات کی منظوری کے سلسلہ میں اٹھائے جانے والے ہر اقدام کی تائید کی جائیگی۔ 

احتجاجی ریلی میں اساتذہ تنظیموں کے علاوہ اکائونٹس آفس کی تنظیم کے صدر مظہر صدیقی، PTUDC کے صدر حیدر چغتائی کے علاوہ تحصیل خان پور سے وقاص احمد، لیاقت پور سے اصغر وسیر، لالہ ارشد حبیب اور محمد ارشد رحمانی، محبوب سلیم گھسورہ، تحصیل صادق آباد سے صلاح الدین، محمد نواز کے علاوہ ایپکا ڈسٹرکٹ باڈی کے عہدیداران محمد احمد کمبوہ، ڈاکٹر عبدالجبار، جام اعجاز احمد، مقبول احمد گجر، مرزا سرور ثانی اور امانت علی ایپکا کے چیئرمین میاں ناصر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
خبر کا کوڈ : 147241
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش