QR CodeQR Code

عمران خان یہودی لابی کے نمائندہ ہیں، قاری عثمان

21 Mar 2012 16:42

اسلام ٹائمز:بلدیہ ٹاوٴن میں اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی کراچی کے امیر نے کہا کہ عمران خان اپنی زبان پر قابو رکھنا چاہیے، مولانا فضل الرحمن کے خلاف اگر آئندہ بازاری زبان استعمال کی گئی تو پھر دنیا بھر میں عمران خان کے ملک کو بدنام کیے جانے والے کارناموں سے پردہ اُٹھایا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے اسلام کراچی کے امیر قاری محمد عثمان نے کہا کہ عمران خان یہودی لابی کے نمائندہ ہیں، وہ پاکستان کو مغرب اور یورپ بنانا چاہتے ہیں مگر ایسا قیامت تک نہیں ہوگا، ان کی سونامی خود ان پر حملہ آور ہوگی انہیں اپنی زبان قابو میں رکھنا چاہیے، مولانا فضل الرحمن کے ہاتھ پر لاکھوں علمائے کرام نے ملک میں اسلام کے نظام عدل کے نفاذ کے لیے بیعت کی ہے، وہ امت مسلمہ کے لیے امید کی کرن ہیں، عمران خان ملک پر یہودیت اور مغربیت مسلط کرنا چاہتے ہیں، وہ متحدہ قبائل اتحاد کے مرکزی سیکرٹری جنرل عبدالرحمن کی والدہ کی نمازجنازہ میں شرکت کے بعد ڈیرہ الجمعیتہ بلدیہ ٹاوٴن میں اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے، اس موقع پر مولانا عمر صادق، حافظ محمد نعیم، مفتی فیض الحق، حاجی عزیز الرحمن دیشانی، مولانا عبیدالرحمن کوہستانی، وحید خان سواتی اور دیگر رہنما موجود تھے۔

قاری محمد عثمان نے کہا کہ عمران خان اپنی زبان پر قابو رکھنا چاہیے، مولانا فضل الرحمن کے خلاف اگر آئندہ بازاری زبان استعمال کی گئی تو پھر دنیا بھر میں عمران خان کے ملک کو بدنام کیے جانے والے کارناموں سے پردہ اُٹھایا جائے گا اور یہ ثابت کیا جائے گا کہ عمران خان کی حقیقت کیا ہے؟ اُنہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کو جن القابات سے عمران خان نے پکارا ہے دراصل وہ خود اس کی پیداوار ہیں ان کی ساری زندگی منافقت، بدمست اور عیاشیوں سے تعبیر ہے، وہ آج بھی اپنی نجی زندگی کے بارے میں اپنے ساتھ چلنے والوں اور پاکستانی قوم کو مطمئن نہیں کر سکتے، قاری محمد عثمان نے کہا کہ پاکستانی قوم اتنی کند ذہن نہیں ہے کہ وہ عمران خان کے اندرون و بیرون ملک کے سیاہ کارناموں کو بھول گئی ہو۔


خبر کا کوڈ: 147257

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/147257/عمران-خان-یہودی-لابی-کے-نمائندہ-ہیں-قاری-عثمان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org