0
Wednesday 21 Mar 2012 17:44

پیپلز پارٹی نے ہمیشہ قانون کی بالا دستی اور پارلیمنٹ کی برتری قائم کی، کرنل (ر) نوید ساجد

پیپلز پارٹی نے ہمیشہ قانون کی بالا دستی اور پارلیمنٹ کی برتری قائم کی، کرنل (ر) نوید ساجد
اسلام ٹائمز۔ صادق آباد سے تعلق رکھنے والے پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے سیکرٹری مالیات اور رکن پنجاب اسمبلی کرنل (ر)نوید ساجد نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ قانون کی بالا دستی اور پارلیمنٹ کی برتری قائم کی ہے، صدر آصف علی زرداری کا پارلیمنٹ سے خطاب تاریخ ساز کارنامہ ہے، وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے شدید بحرانوں اور مشکلات کے باوجودجمہوریت اور پارلیمنٹ کی بالا دستی قائم کر کے جمہوری اور ریاستی اداروں کو مضبوط کیا۔
ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے صادق آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے کیا، انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوام کی بات کی جبکہ مخالفین نے ہمیشہ جمہوریت اور جمہوری اداروں پر شب خون مارا۔
 
نوید ساجد نے کہا کہ حکومت نے عوام کے بنیادی مسائل حل کئے جبکہ مخالفین نے اس عرصہ کے دوران جمہوریت کو پٹڑی سے اتارنے کے لئے سازشیں کیں، مشترکہ اجلاس کے دوران اپوزیشن کا کردار منفی رہا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت کے خلاف پروپیگنڈے کو برداشت نہیں کیا جائے گا، جب ہماری پارٹی قیادت کے خلاف زہر اگلہ جائے گا تو پھر مخالفین بھی اس کی زد میں آئیں گے، کرنل (ر)نوید ساجد نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے چار سالوں میں بے حد جدوجہد کی اور اگر آج ملک میں جمہوریت کا سورج طلوع ہے تو یہ پیپلزپارٹی کی عظیم جدوجہد کا نتیجہ ہے، جس کی قیادت اور کارکنوں نے قربانیاں دے کرملک اور قوم کو جمہوریت سے نوازا۔ 

کرنل (ر) نوید ساجد نے کہا کہ پارٹی قیادت نے جنوبی پنجاب میں علیحدہ تنظیم قائم کر کے جنوبی پنجاب کے عوام کے مسائل کے حل کے لئے ایک قدم اور آگے بڑھایا ہے، جنوبی پنجاب کی تنظیم میں حقیقی عوامی نمائندگی کو آگے لا کر عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے کے لئے جو جدوجہد کی ہے اس مشن کو پائیہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا، انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی جنوبی پنجاب کی تنظیم میں ضلع رحیم یارخان کو بھرپور نمائندگی دے کر ضلع کے پارٹی کارکنوں کو اس جدوجہد میں شامل کیا ہے اور مستقبل قریب میں ضلع رحیم یارخان کو مزید نمائندگی دی جاے گی۔ اس موقع پر سابق تحصیل نائب ناظم لیاقت پور حاجی محمد اقبال مغل اور پیپلزسٹوڈنٹس فیڈریشن تحصیل لیاقت پور کے صدر چوہدری وقاص سعید بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 147260
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش