QR CodeQR Code

مقبوضہ کشمیر میں تیز ہوائیں، 8851 عمارتوں کو نقصان

22 Mar 2012 02:24

اسلام ٹائمز: شمال و جنوب میں شدید تباہی ہوئی، ایک شخص لقمہ اجل بن گیا جبکہ 17 افراد زخمی ہوئے۔


اسلام ٹائمز۔ 20 مارچ کو مقبوضہ کشمیر میں ہوائوں کی رفتار معمول سے کئی گنا بڑھ جانے کے نتیجے میں نہ صرف درجہ حرارت میں 12ڈگری کا اضافہ ہوا بلکہ تیز آندھی سے ایک شہری لقمہ اجل بن گیا جبکہ 17 دیگر زخمی ہوگئے ہیں، جن میں کئی بیرونی سیاح بھی شامل ہیں، نہ تھمنے والی طوفانی ہوائوں سے منگل کی شام تک صوبائی انتظامیہ کو ملنے والی تفصیلات کے مطابق پوری مقبوضہ وادی میں 8851 عمارتوں کو نقصان پہنچا جن میں کئی رہائشی مکانات، ہائوس بوٹ، سرکاری عمارتیں اور دیگر غیر رہائشی مکانات شامل ہیں، منگل کی شام سے وادی میں اچانک تیز ہوائوں کا سلسلہ شروع ہوا، جہاں اس سلسلے میں محکمہ موسمیات قبل از وقت پیشن گوئی نہ کر کے خواب غفلت میں سویا رہا وہیں سوموار اور منگل کی رات اہل وادی نے آنکھوں ہی آنکھوں میں گزاری۔
 
تاہم سوموار کو اس حوالے سے محکمے موسمیات نے کہا کہ مشرقی وسطیٰ سے تیز ہوائوں کا سلسلہ وادی تک آپہنچا حالانکہ اس سے قبل ایسی صورتحال کبھی نہیں دیکھی گئی ہے، منگل کو صورتحال اس قدر پریشان کن بن گئی کہ صوبائی انتظامیہ کو تعلیمی ادارے بند کرنا پڑے کیونکہ نہ صرف کئی مقامات پر درخت اور کھمبے اکھڑنے سے زمینی رابطے منقطع ہو گئے بلکہ بجلی کا نظام درہم برہم ہوا اور لوگ اپنے گھروں میں رہنے کو ترجیح دینے پر مجبور ہوئے، ہوائوں کی رفتار 24.7 سے بڑھ کر 40 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ گئی جس نے رات کے دوران طوفانی شکل اختیار کی جسکی وجہ سے مکانوں کی چھتیں اڑنے لگیں اور درخت اکھڑنے شروع ہوئے۔
 
رات بھر طوفانی ہوائوں کے شور کے باعث لوگ گھروں میں سہم کر رہ گئے، محکمہ آفات سماوی کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق کنگن میں تیزہوائوں کے باعث چنار کا درخت گرنے کی وجہ سے محمد مقبول ماگرے ولد محمد رمضان ساکن کچھ نمبل کنگن ضلع گاندربل نامی 46 سالہ شخص لقمہ اجل بن گیا اسکے علاوہ مختلف مقامات پر 17 افراد درختوں اور مکانوں کی چھتوں سے اکھڑے ٹین کی زد میں آکر زخمی ہوگئے، سرکاری ترجمان کے مطابق سوموار کی شب سے منگل کی شام تک وادی میں 8851 عمارتیں تباہ ہوئیں۔ تباہ شدہ عمارتوں میں 29 رہائشی مکانات مکمل طور زمین بوس ہوئے جبکہ 6670 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا، متاثرہ عمارتوں میں 2166 غیر رہائشی مکان، 6 سرکاری عمارتیں اور 10 ہائوس بوٹ شامل ہیں۔


خبر کا کوڈ: 147304

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/147304/مقبوضہ-کشمیر-میں-تیز-ہوائیں-8851-عمارتوں-کو-نقصان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org