QR CodeQR Code

پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کیلئے جدوجہد کر رہی ہے، ملک عامر ڈوگر

23 Mar 2012 04:51

اسلام ٹائمز:پی پی جنوبی پنجاب کے جنرل سیکرٹری نے اپنے اعزاز میں دئیے جانیوالے استقبالیہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرائیکی صوبے کے لیے اس وقت جتنی کوششیں وزیراعظم کر رہے ہیں اتنی اور کوئی نہیں کر رہا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے جنرل سیکرٹری و ملتان سے پیپلزپارٹی کے ممبر پنجاب اسمبلی ملک عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ پی پی مزدوروں کی جماعت ہے، وزیراعظم نے سرائیکی خطہ کی ترقی کیلئے اربوں روپے کا پیکج دیا، جو اس بات ثبوت ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی سرائیکی صوبے کے لیے کتنی کوشاں ہے، مزدوروں کے حقوق اور جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کیلئے پی پی جدوجہد کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریلوے لیبر یونین کی جانب سے اپنے اعزاز میں دئیے جانیوالے استقبالیہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، استقبالیہ سے پیپلز لیبر بیورو ملتان کے صدر سید اختر حسین شاہ، غلام مصطفٰی انصاری، سید عارف شاہ، سلیم عباس صدیقی سمیت دیگر ریلوے یونین کے رہنمائوں نے خطاب کیا۔ 

ملک محمد عامر ڈوگر نے کہا کہ سرائیکی صوبہ عوام کا حق ہے اور پاکستان پیپلزپارٹی یہ حق اس خطے کے عوام تک پہنچائے گی، انہوں نے کہا کہ سرائیکی عوام اب یہ جان چکے ہیں کہ کون لوگ سرائیکی صوبہ بنانے میں مخلص ہیں اور وہ کون ہیں جو سرائیکی صوبے کی راہ میں روڑے اٹکا رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 147485

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/147485/پیپلزپارٹی-جنوبی-پنجاب-کو-صوبہ-بنانے-کیلئے-جدوجہد-کر-رہی-ہے-ملک-عامر-ڈوگر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org