0
Friday 23 Mar 2012 00:32

حکومت وقت ملکی تاریخ کی کرپٹ ترین حکومت ہے، جعفر اقبال گجر

حکومت وقت ملکی تاریخ کی کرپٹ ترین حکومت ہے، جعفر اقبال گجر
اسلام ٹائمز۔ حکومت وقت ملکی تاریخ کی کرپٹ ترین حکومت ہے، صدر اور وزیر اعظم کرپشن میں ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کے لئے کوشاں ہیں، وزیراعظم کی جانب سے عدالتی احکامات کا تمسخر اڑانا لمحہ فکریہ ہے، آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن ملک کی حکمران جماعت ہوگی، میاں نواز شریف ہی ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ ن پنجاب کے سینئر نائب صدر و سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی چوہدری جعفر اقبال گجر نے رحیم یارخان میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ان کے ہمراہ ضلعی صدر میاں خالد شاہین، چوہدری محمد شفیق، چوہدری آصف مجید، مخدوم معین الدین، طارق محمود چوہدری ایڈووکیٹ، میاں سجاد علی، چوہدری ظہور گجر، چوہدری محمد ارشد گجر، رانا ضیا الدین آصف بھی موجود تھے۔ 

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کرپشن میں دن دگنی اور رات چوگنی والے محاورے پر کام کررہی ہے ان کی کرپشن کا ریکارڈ آئندہ گینز آف بک میں آئے گا، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی سوچ کا اندازہ کریں کہ سپریم کورٹ کا حکم مانوں تو آرٹیکل 6 مجھ پر لاگو ہوتا ہے، یہ پاکستان کی اٹھارہ کروڑ عوام کے ساتھ مذاق اور بے وقوف بنانے والی بات ہے جبکہ عوام اب ان کی پالیسیوں کو اچھی طرح سمجھ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کرپشن کے علاوہ ملک میں ایسا کوئی کام نہیں کیا جس سے ملک اپنے پائوں پر کھڑا ہوسکے، اپنے چار سالہ دور میں کوئی ڈیم نہیں بنایا جبکہ انڈیا نے ہمارے دریائوں پر بہت سے ڈیم بنا لیے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ تمام ادارے مکمل طور پر تباہ ہوچکے ہیں ملک میں بے روزگاری کا یہ عالم ہے کہ شیخ زید میڈیکل کالج میں کلرک و ڈرائیوروں کے 106 سیٹوں پر 42 ہزار درخواستیں موصول ہوئی ہیں، موجودہ حکومت نے بے روزگاری، مہنگائی، گیس و بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے تحفے عوام کو دئیے ہیں اب عوام ان کو یکسر مسترد کرچکی ہے آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ ن ملک بھر میں کلین سویپ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ پنجاب کے صدر میاں شہباز شریف کو قائد محترم میاں محمد نواز شریف نے یہ اختیار دیا ہے کہ باقی ماندہ باڈی کو مکمل کریں 90 دن کے اندر اندر باقی باڈی مکمل ہوگی۔ 

ٹکٹ کے حوالے سے انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ٹکٹوں کا فیصلہ پارلیمانی بورڈ کرے گا، ہر ضلع کی ضلعی قیادت، پارٹی وفاداری، عوامی خواہشات، پارٹی خدمات کو مد نظر رکھ کر میرٹ پر فیصلہ کیا جائے گا، رحیم یارخان کی انیس سیٹوں پر مضبوط امیدوار سامنے لائے جائیں گے اس سلسلہ مسلم لیگ فنگشنل کے ساتھ ہمارا اتحاد ہوچکا ہے، مہران بنک سکینڈل کے حوالے سے انہوں نے مرکزی کردار یونس حبیب کے متعلق کہا کہ اس وقت وہ مرکزی حکومت کا مہمان ہے اور وہ اسی کی زبان بول رہا ہے۔ انہوں نے میاں محمد نواز شریف کا شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے مجھے بہت بڑی ذمہ داری سونپی ہے انشا اللہ میں پہلے کی طرح ان کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔
خبر کا کوڈ : 147552
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش