0
Friday 23 Mar 2012 05:11

افغانستان سے اسلحے کی غیر قانونی آمدورفت بند کی جائے، رحمن ملک

افغانستان سے اسلحے کی غیر قانونی آمدورفت بند کی جائے، رحمن ملک
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا دہشتگردی کے خلاف جنگ ملک اور دنیا کے لئے لڑ رہا ہے۔ افغانستان سے اسلحہ کی غیر قانونی آمدورفت بند ہونی چاہیے، افغان صدر اور وزیر داخلہ سرحدی سکیورٹی کو مزید سخت کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک میں دہشتگردی پر کافی حد تک قابو پالیا گیا ہے اور اس حوالے سے خیبر پختواخوا کے نوجوانوں نے ایک اہم کردار ادا کیا، خیبر پختونخوا کے نوجوان ملک کے مجاہد ہیں، خیبر پختونخوا دہشتگردی کے خلاف جنگ ملک اور دنیا کے لئے لڑ رہا ہے آج اس مشکل وقت میں ہمیں خیبر پختونخوا کے ساتھ کھڑے ہونا چاہیے، انہوں نے کہا کہ تمام صوبوں سے اپیل کرتا ہوں کہ صوبہ خیبر پختونخوا کی مدد کریں۔ 

انہوں نے کہا کہ منگل باغ کے حوالے سے آئی جی خیبر پختونخوا نے جو کہا وہ ٹھیک تھا اور میں پیغام دینا چاہتا ہوں کہ دہشتگردی کرنے والوں کا ا نجام منگل باغ جیسا ہی ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان سے اسلحہ کی غیر قانونی آمدورفت کو بند ہونا چاہیے۔ فضل اللہ کو سرحد پار رکھ کر دہشتگردوں کو یہاں دھکیلنا ٹھیک نہیں، افغان صدر حامد کرزئی اور وزیر داخلہ سرحدی سکیورٹی کو سخت کریں تاکہ دہشتگردی کو ختم کیا جا سکے۔ وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دہشتگرد ہتھیار ڈال دیں ہم مذاکرات کے لئے تیار ہیں لیکن اگر وہ مذاکرات نہیں چاہتے تو ہم دہشتگردوں کا مقابلہ کرنے کے لئے بھی تیار ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ طالبان ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، دہشتگردوں کو بیرونی مدد فراہم کی جارہی ہے، دہشتگردی کے خلاف حکمت عملی تبدیل کرنا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ ہو یا چاہیے کوئی بھی ملک، پاکستان کے عوام کی آواز کو سننا چاہیے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کے حوالے سے سوال پر کہا کہ شہنشاہ پنجاب سے عرض ہے کہ صدر کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنے سے قبل سوچ لیں کہ صدر آرمڈ فورسز کے سپریم کمانڈر ہیں، نادرا ملازمین کے حوالے سے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نادرا کے کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کیا گیا ہے، وزیر اعظم ایک ہفتے کے دوران لیٹر بھجوا دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 147612
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش