0
Saturday 24 Mar 2012 04:46

نیٹو سپلائی کی ممکنہ بحالی کیخلاف خیبر پختونخوا کے طول و عرض میں جماعت اسلامی کے مظاہرے

نیٹو سپلائی کی ممکنہ بحالی کیخلاف خیبر پختونخوا کے طول و عرض میں جماعت اسلامی کے مظاہرے
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سید منور حسن کی اپیل پر نیٹو سپلائی کی ممکنہ بحالی کے خلاف صوبہ خیبر پختونخوا کے کونے کونے میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام زبردست احتجاجی مظاہرے کیے گئے، صوبائی دارالحکومت پشاور میں جماعت اسلامی کے نوجوانوں کی ذیلی تنظیم شباب ملی کے زیر اہتمام نیٹو سپلائی کی بحالی کے خلاف پشاور پریس کلب کے سامنے بعد نماز جمعہ احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں نوجوانوں کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرے کی قیادت جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات اسرار اللہ ایڈووکیٹ، شباب ملی ضلع پشاور کے صدر شہزاد احمد کر رہے تھے، اس موقع پر مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے، جن پر نیٹو سپلائی کی بحالی کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہریں نے مرکزی اور صوبائی حکومت کے خلاف زبردست نعرہ بازی بھی کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات اسرار اللہ ایڈووکیٹ نے خبردار کیا کہ کسی بھی شرط پر پاکستان کے راستے نیٹو سپلائی کی بحالی کے فیصلہ کو قبول نہیں کرینگے اور اگر پارلیمنٹ نے نیٹو سپلائی کی بحالی کے حق میں قرارداد منظور کی تو پھر ایسی پارلیمنٹ کو نہیں چلنے دینگے۔ 

انہوں نے کہا کہ سلالہ چیک پوسٹ میں موجود پاکستانی فوجیوں پر جو بم اور گولہ بارود برسایا گیا وہ پاکستان ہی کے راستے سے نیٹو افواج کو سپلائی کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ امریکہ سے تعلقات اور خارجہ پالیسی کو آزادانہ بنیادوں پر استوار کرنے کے حوالے سے اپنی متفقہ قراردادوں پر عمل درآمد کرائے، اس کے بعد مزید قراردادیں منظور کرنے کے بارے میں سوچے۔ اسرار اللہ ایڈووکیٹ نے مطالبہ کیا کہ پاکستان فی الفور دہشتگردی کے خلاف نام نہاد جنگ کے لئے بنائے گئے امریکی اتحاد سے باہر نکل آئے، انہوں نے کہا کہ امریکہ اپنے استعماری ایجنڈے کو آگے بڑھانے اور اس خطے کے ممالک کو اپنا تابع فرمان بنانے کے لئے افغانستان میں آیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ یہ جنگ ہماری نہیں بلکہ امریکہ کی جنگ ہے۔ اے این پی کی صوبائی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے اسرار اللہ نے کہا کہ اے این پی نے ڈالروں کے عوض پختونوں کے خون کا سودا کیا ہے جس کا اسے حساب دینا پڑیگا۔ 

انہوں نے کہا کہ ڈرون حملوں میں روزانہ بے گناہ پختون شہید ہو رہے ہیں جبکہ ہماری صوبائی حکومت امریکی سفیر کی آئو بھگت کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتی۔ مظاہرین سے شباب ملی ضلع پشاور کے صدر شہزاد احمد اور ظاہر زرین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سید منور حسن کی اپیل پر شباب ملی کے کارکن کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے اور نیٹو کو سپلائی کے لئے جانے والے ایک ٹرک یا کینٹیر کو بھی طورخم کے راستے افغانستان داخل نہیں ہونے دیا جائیگا۔ اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی۔ مظاہرین بعد ازاں پُرامن طور سے منتشر ہو گئے۔ 

صوبے کے دیگر اضلاع سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق نوشہرہ میں جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیر معراج الدین کی قیادت میں شوبرہ چوک سے پریس کلب تک نیٹو سپلائی کی بحالی کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ جس سے خطاب کرتے ہوئے معراج الدین، جماعت اسلامی نوشہرہ کے نائب امیر بدر الاسلام اور شباب ملی کے صدر افتخار احمد نے کہا کہ نیٹو سپلائی کی بحالی کی بات کرنے والے پاکستان کی تباہی کے درپے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی شر ط پر نیٹو سپلائی کی بحالی کی اجازت نہیں دی جائیگی اور اگر حکومت اور پارلیمنٹ نے بحالی کا فیصلہ کیا تو پھر ہر گلی اور کوچے میں حکمرانوں کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کر دی جائیگی۔ 

مردان میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام نیٹو سپلائی کی بحالی کے خلاف دو مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ صوابی مردان روڈ پر ہونے والے مظاہرے کی قیادت سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عطاء الرحمن اور سابق ضلع ناظم مردان عطاء الرحمن ایڈووکیٹ نے کی، جبکہ محب بانڈہ مردان میں جماعت اسلامی کے نائب امیر انور بیگ، عبدالسلام اور ولی اللہ خان کی قیادت میں جماعت اسلامی کے کارکنوں نے نیٹو سپلائی کی بحالی کیخلاف جلوس نکالا۔ جن سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ نیٹو سپلائی کی بحالی اپنے پائوں پر خود کلہاڑے مارنے کے مترادف ہے۔ 

دریں اثناء لوئر دیر سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق جماعت اسلامی کے کارکنوں نے مرکز اسلامی بلامبٹ سے ریسٹ ہائوس تیمر گرہ تک ضلعی امیر مولانا اسد اللہ اور سابق ایم پی اے مظفر سید کی قیادت میں بھرپور احتجاجی ریلی نکالی۔ اور خبردار کیا کہ اگر نیٹو سپلائی بحال کی گئی تو حکومت کی اینٹ سے اینٹ بجا دینگے۔ اپر دیر میں بھی جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سید منور حسن کی اپیل پر ضلعی امیر صاحبزادہ فصیح اللہ اور سابق ضلع ناظم طارق اللہ کی قیادت میں جماعت اسلامی کے ضلعی دفتر سے دیر چوک تک زبردست احتجاجی مارچ کیا گیا۔
 
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے کہا کہ اگر حکمرانوں نے امریکی مفادات کے لئے بنائے گئے امریکی اتحاد سے علیحدگی اختیار نہ کی تو پوری قوم اسکے خلاف اُٹھ کھڑی ہوگی۔ ڈیر اسماعیل خان میں بھی جماعت اسلامی کے کارکنوں نے نیٹو سپلائی کی بحالی کیخلاف ضلعی امیر سیلم اللہ ارشد اور نائب امیر زاہد محب اللہ ایڈووکیٹ کی قیادت میں ڈیرہ پریس کلب کے سامنے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا اور حکومت کے خلاف نعرہ بازی کی۔ ہری پور میں جماعت اسلامی کے ضلعی امیر اقبال چوہان کی قیادت میں چوک جامع مسجد کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور حکومت کو خبردار کیا گیا کہ وہ ہوش کے ناخن لے اور امریکی چاکری ترک کر دے۔ نیٹو سپلائی کسی بھی صورت بحال نہیں ہونے دینگے۔ 

ضلع مانسہرہ میں جماعت اسلامی کے کارکنوں نے نیٹو سپلائی کی بحالی کیخلاف مانسہرہ شہر میں جماعت اسلامی کے مقامی امیر یونس خٹک اور بالاکوٹ میں ضلعی امیر ڈاکٹر طارق شیرازی کی قیادت میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ بٹگرام میں بھی جماعت اسلامی کے زیر اہتمام شاہراہ ریشم پر مین بازار میں تھانہ مسجد سے احتجاجی جلوس نکالا گیا جو بعدازاں ایک احتجاجی جلسے کی شکل اختیار کر گیا۔ جس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے ضلعی امیر محمد رفیق نے کہا کہ بٹگرام کے عوام نیٹو سپلائی کی بحالی کے خلاف بھرپور احتجاجی تحریک چلائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 147789
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش