0
Tuesday 10 Nov 2009 11:09

بھارت،اسرائیل سے ایک ارب 10 کروڑ ڈالر کا جدید ایئرڈیفنس سسٹم خریدے گا،معاہدہ ہو گیا

بھارت،اسرائیل سے ایک ارب 10 کروڑ ڈالر کا جدید ایئرڈیفنس سسٹم خریدے گا،معاہدہ ہو گیا
تل ابیب،یروشلم،نئی دہلی:بھارت اور اسرائیل فوجی تعاون میں اضافہ کر رہے ہیں۔اس سلسلے میں بھارت اسرائیل سے 1.1 بلین ڈالر (ایک ارب 10 کروڑ ڈالر) کا جدید ترین فضائی دفاعی نظام خریدے گا۔یہ نظام 2017ء میں بھارت کے حوالے کیا جائیگا۔ اس سلسلے میں گذشتہ روز بھارتی آرمی چیف جنرل دیپک کپور نے اسرائیل میں اعلیٰ سطح کے مذاکرات کئے،جس کے بعد یاراک 8 سسٹم کی بھارت کو فروخت کا معاملہ سامنے آیا۔ بحری جہازوں پر نصب کیا جانیوالا یاراک 8 نظام اسرائیل کے سرکاری ادارے ائیراسپیس انڈسٹریز کا تیار کردہ ہے جس کے ذریعے اہداف کی طرف آنیوالے میزائلوں،طیاروں اور ڈرونز کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔اسرائیل حکام کے مطابق اس نظام کے جدید ترین ورژن کو زمین پر بھی نصب کیا جا سکتا ہے۔واضح رہے کہ اسرائیل بھارت کو سب سے زیادہ جنگی ہتھیار فراہم کرنیوالا ملک ہے۔ ایک اسرائیلی افسر کے مطابق بھارت یاراک سسٹم پہلے بھی حاصل کر چکا ہے۔اسرائیلی افسروں نے بتایا کہ یاراک 8 کے معاہدے پر اپریل میں دستخط ہونگے اور ڈلیوری 6 سے 8 برس میں ہو گی۔واضح رہے کہ بھارتی آرمی چیف ایک روز قبل اسرائیل کے 4 روزہ دورے پر پہنچے تھے۔ ان کے شیڈول میں اسرائیلی چیف آف اسٹاف،اسرائیلی وزیر دفاع اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں شامل ہیں۔
اطلاعات کے مطابق بھارتی آرمی چیف جنرل دیپک کپور بدھ سے جرمنی کے 3 روزہ دورے پر روانہ ہونگے جہاں وہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کو مضبوط کرنے کیلئے مذاکرات کریں گے، فوجی حکام کا کہنا ہے کہ انکی آمد اس وقت ہو رہی ہے جب دیوار برلن کو گرائے جانے کی 20 ویں برسی کی تقریبات منائی جا رہی ہیں اپنے دورہ جرمنی کے دوران جنرل دیپک کپور اعلیٰ فوجی قیادت سے ملاقات کریں گے اس سے قبل 2006ء میں بھی دونوں ممالک معاہدے پر دستخط کرچکے ہیں۔ ادھر بھارت اور روس نے افغانستان اور پاکستان میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی پر تحفظات کا اظہار کیا ہے اور اس کے خلاف عالمی سطح پر موثر کارروائی پر زور دیا ہے۔ روسی نائب وزیر اعظم سیرگئی سوبائنن نے بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا سے ملاقات کی،جس میں منشیات کی اسمگلنگ اور دہشت گردوں کو فنڈز ملنے کے ذرائع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ روسی نائب وزیر اعظم نے بھارتی وزیر اعظم منموہن سنگھ سے بھی ملاقات کی۔ 
دریں اثنا آن لائن کے مطابق اسرائیل اور بھارت نے پاکستان میں تباہ کن حملوں کیلئے انڈو،اسرائیل انٹیلی جنس (ٹرپل آئی )ایجنسی قائم کر دی،افغان خفیہ ایجنسی ریاست امن عامہ ملی (رام )کیساتھ ملکر خودکش حملہ آوروں کی تیاری،اسلحہ گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد کی فراہمی،کمانڈوں کارروائیوں کی تربیت اور اہداف کی نشاندہی میں مدد دے رہی ہے۔بھارتی جریدے میں شائع ہونے والی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ملک میں حالیہ پے در پے ہونے والے حملوں میں انڈیا اور اسرائیل کا ہاتھ ہے اور دونوں ممالک امریکی آشیر باد سے کر رہے ہیں تا کہ پاکستان کو داخلی طور پر کمزور کر کے ناکام ریاست قرار دیا جا سکے۔ ٹرپل آئی میں انڈیا اور اسرائیل کے کلیدی کمانڈوز کو تعینات کیا گیا ہے جن کو مقررہ اہداف کا علم ہے جس کا بنیادی مقصد پاکستان کے سیکورٹی اہلکاروں،غیر ملکی دفاتر،کمیونیکیشن لائنز اور عوامی جگہوں کو نشانہ بنانا ہے۔ 26 نومبر کو ممبئی میں ہونے والے حملے بھی اسی انڈین،اسرائیلی انٹیلیجنس ایجنسی کی ملی بھگت سے کیے گئے اور اس ڈرامے کا مقصد پاکستان کو ایک دہشت گرد ملک قرار دے کر اسے بین الاقوامی دنیا سے تنہا کرنا تھا۔
خبر کا کوڈ : 14787
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش