QR CodeQR Code

پاکستان میں اسلامی انقلاب کے علاوہ کوئی راستہ نہیں، قاضی حسین احمد

25 Mar 2012 03:14

اسلام ٹائمز: نوشہرہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے اگر امریکیوں کو افغانستان میں سہارا دینے کی کوشش کی تو انکو بھی امریکہ کے ساتھ امریکہ جانا پڑیگا۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے سابق امیر قاضی حسین احمد نے کہا ہے کہ پاکستان میں اسلامی انقلاب کے علاوہ کوئی راستہ نہیں، نیٹو سپلائی کی بحالی اپنے شہید فوجیوں کے خون کے سودا کرنے اور قوم کی غیرت کو للکارنے کے مترادف ہے، اگر حکمرانوں نے امریکیوں کو افغانستان میں سہارا دینے کی کوشش کی تو انکو بھی امریکہ کے ساتھ امریکہ جانا پڑیگا، نصاب تعلیم سے قرانی آیات اور احادیث نکالنے سے امریکی کاسہ لیس حکمران قوم کے دلوں سے قرآن و سنت کی محبت ختم نہیں کرسکیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوشہرہ کے علاقے بالو میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر آصف لقمان قاضی، نادر شاہ خٹک اور مولانا سمیع الرحمان نے بھی خطاب کیا۔

قاضی حسین احمد نے کہا کہ جماعت اسلامی اس ملک کی واحد جماعت ہے جو تنظیمی لحاظ سے سب سے زیادہ افرادی قوت رکھتی ہے اور قوم جماعت اسلامی پر ہی اعتماد کرتی ہے لیکن یہاں انتخابات میں وہی پرانے لوگ بھیس بدل کر آتے ہیں اور قوم کو دھوکہ دیکر ان پر مسلط ہو جاتے ہیں، انہوں نے کہا کہ اسی وجہ سے ملک انتہائی نازک صورتحال سے گزر رہا ہے، معیشت تباہ حال ہے اور ہر ادارہ تباہی کے کنارے کھڑا ہے، انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی کرپشن اور لوٹ مار کی وجہ سے ملک میں سرمایہ کاری نہ ہونے کے برابر ہے، کرپشن اور بدامنی کی وجہ سے سرمایہ کار اپنا سرمایہ بیرون ممالک منتقل کر رہے ہیں، جسکا ملکی معیشت پر انتہائی برا اثر مرتب ہو رہا ہے۔ 

جماعت اسلامی کے سابق امیر نے کہا کہ قوم بھیس بدل کر بار بار قومی خزانے کو لوٹنے والوں کو پہچان چکی ہے اور اب صورتحال بدل چکی ہے، بھیس بدل کر حکومت کرنے کے دن گزر چکے، ان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں سرمایہ دارانہ نظام آخری ہچکولے لے رہا ہے، عرب ممالک کے بعد یورپ میں بھی لوگوں نے اس نظام کو مسترد کردیا ہے اور اب پاکستانی قوم بھی ان سرمایہ داروں کے احتساب کے انتظار میں ہے، انہوں نے کہا کہ اب اس ملک میں بھی اسلامی انقلاب کے سوا کوئی راستہ نہیں، اسلامی انقلاب سے ہی ملک اور قوم کے مسائل حل ہو سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں سابق کارکردگی کی بنیاد پر لوگ جماعت اسلامی کے امیدواروں کو کامیاب کرینگے۔


خبر کا کوڈ: 147964

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/147964/پاکستان-میں-اسلامی-انقلاب-کے-علاوہ-کوئی-راستہ-نہیں-قاضی-حسین-احمد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org