QR CodeQR Code

ٹارگٹ کلنگ چاہے لسانی،سیاسی یا مذہبی بنیادوں پر ہو اس کی مذمت کرتے ہیں، اے این پی

25 Mar 2012 12:28

اسلام ٹائمز: محمد خان گوٹھ میں ہونے والے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے اے این پی کے جنرل سیکرٹری نے کہا کہ سازشی عناصر جی بھر کے سازشیں کر لیں جب تھک جائیں تو ہمیں بتا دیں ہم روشن خیال اور وسیع الخیال نظریات رکھتے ہیں کبھی کسی سے تصادم کا سوچ بھی نہیں سکتے فلسفہ عدم تشدد ہی کراچی کے امن کی ضمانت ہے۔


اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری بشیرجان نے کہا ہے کہ شہر سے ظلم و تاریکی کے سائے ختم کروائیں گے سیاست کرنا ہر کسی کا بنیادی حق ہے۔ زور زبردستی سے کسی کو سیاست سے روکنا ظلم عظیم ہے ٹارگٹ کلنگ چاہے لسانی، سیاسی یا مذہبی بنیادوں پر ہو اس کی مذمت کرتے ہیں ڈرنا یا خوف کھانا ہماری فطرت میں موجود نہیں سازشی عناصر جی بھر کے سازشیں کر لیں جب تھک جائیں تو ہمیں بتا دیں ہم روشن خیال اور وسیع الخیال نظریات رکھتے ہیں کبھی کسی سے تصادم کا سوچ بھی نہیں سکتے فلسفہ عدم تشدد ہی کراچی کے امن کی ضمانت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی صدر شاہی سید کے سینیٹر منتخب ہونے کے جشن کے سلسلے میں محمد خان گوٹھ میں ہونے والے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

انہوں نے کہا کہ شہر کے سکون کے سازشی رویہ ترک کرکے برداشت کا رویہ اپنانا ہو گا۔ قومی حقوق کے حصول کے لیے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے کسی کو شہر کا امن و سکون تباہ کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ کراچی کے امن کے دشمنوں کو پہلے بھی بے نقاب کیا ہے اور آئندہ بھی کریں گے زبانی جمع خرچ کے بجائے دہشت گردی، انتہاء پسندی، فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے عملی میدان میں جدوجہد کر رہے ہیں۔ جمہوری نظام کا تسلسل ہی ملک کے تمام مسائل کے حل کی ضمانت ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ ہم عدم تشدد کے علمبردار ہیں کیوں کہ عدم تشدد بہادروں کا وتیرہ ہے اور تشدد بزدلوں کا خاصہ ہے سیاسی یتیموں کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ نظریہ بندوق کی گولی میں نہیں انسان کے دماغ میں ہوتا ہے۔ اس موقع پر ضلع ایسٹ کے صدر یونس خان بونیری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں زور زبردستی سے ڈرانے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں ہم گلی گلی اس لیے جلسے منعقد کر رہے ہیں کہ اب کراچی کی مظلوم قومیتوں کی آواز ایوان بالا میں گونجے گی۔ عوامی نیشنل پارٹی ایک سیاسی و فکری تحریک ہے اس موقع پر صوبائی نائب صدرفاروق بونیری،جوائنٹ سیکرٹری اسماعیل محسود،کلچرل سیکرٹری نوراللہ اچکزئی اور نورسل محسود نے بھی خطاب کیا۔


خبر کا کوڈ: 148041

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/148041/ٹارگٹ-کلنگ-چاہے-لسانی-سیاسی-یا-مذہبی-بنیادوں-پر-ہو-اس-کی-مذمت-کرتے-ہیں-اے-این-پی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org