0
Sunday 25 Mar 2012 18:38

پاک ایران تجارت رکوانے کے لئے امریکہ منافقانہ کردا ر اد ا کر رہا ہے، رحمت خان وردگ

پاک ایران تجارت رکوانے کے لئے امریکہ منافقانہ کردا ر اد ا کر رہا ہے، رحمت خان وردگ
اسلا م ٹائمز۔ حکومت پاکستان بھارت کی بجائے ایران سے تیل درآمد کرنے کی پالیسی اپنائے اور اس پر امریکی دباؤ کو ملکی مفاد میں یکسر مسترد کر دیاجائے۔ ’’اسلام ٹائمز‘‘ سے خصوصی انٹرویو میں تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے کہا کہ ایران نے پاکستان کے ساتھ اپنی دوستی کا حق ادا کرتے ہوئے پیش کش کی ہے کہ وہ پاکستان کو یومیہ 80 بیرل تیل 90 دن کے ادھار پر دینے کے لئے آمادہ ہے جب کہ حکومت پاکستان ایران کی اس پیش کش کو پس پشت ڈال کر بھارت سے تیل خریدنے کے منصوبے پر غور کر رہی ہے۔

رحمت خان وردگ نے کہا کہ بھارت خود ایران سے تیل منگوا رہا ہے اور وہ ایران سے منگوائے گئے تیل کو ہمیں کس طرح سستا دے سکتا ہے ؟ انہوں نے کہا کہ ایران نے بہت اچھی پیش کش کی ہے اس پیش کش کو اگر پاکستانی حکومت تسلیم کر لیتی ہے تو ہمیں 8 ارب روپے کی بچت ہو گی۔ رحمت خان وردگ نے کہا کہ پاکستان کی حکومت پر امریکہ کا دباؤ ضرور ہے اور امریکی ایما پر ہی ہم بھارت کی طرف رجوع کر رہے ہیں لیکن پاکستانی حکومت یاد رکھے کہ ہمیں بھارت کا دست نگر نہیں بن جانا چاہیے کہ وہ جب چاہیے سپلائی روک کر ہمارے ملک کا پورا نظام جام کر کے رکھ دے۔

انہوں نے کہا کہ ایران ہمارا مخلص دوست ہے، ہمیں ایران کے ساتھ ہی تجارت کو بڑھانا چاہیے، بھارت کے ساتھ بھی تجارت کرنا کوئی بری بات نہیں لیکن اتنا زیادہ اہمیت دینا ملک کے لئے بہتر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کے دباؤ کو یہ کہہ کر مسترد کیا جا سکتا ہے کہ وہ خود تو ایران سے تیل لے کر اسے گندم فروخت کرتا ہے ایک طرف خود ایران کے ساتھ امریکہ کاروبار جاری رکھے ہوئے ہے اور دوسری طرف منافقانہ انداز اپناتے ہوئے ہمیں کہتا ہے کہ ہم ایران کے ساتھ تجارت نہ کریں، امریکہ ایران کو چاول برآمد کر رہا ہے جب کہ اس کے بدلے میں تیل درآمد کرتا ہے، امریکہ کا معاشی سرکل تو چل رہا ہے لیکن وہ ہمیں اپنے فیصلوں کا غلام بنانا چاہتا ہے اور ہمیں معاشی طور پر کمزور کرنے کے لئے کوشاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران سے ہی تجارت ہمیں مناسب لگتی ہے اور یہ ہمارے لئے مفید بھی ہے’’ کم خرچ بالانشین ‘‘ مقولہ کے مطابق ایران قدرتی طور پر ہی ہمارا فطری دوست ہے اور امریکہ بھارت اور اسرائیل ہمارے فطری دشمن ہیں، ہمیں ان سے اجتناب کرنا چاہیے۔ رحمت خان وردگ نے کہا کہ حکومت عوامی اور ملکی مفاد کو ملحوظ رکھے امریکی خوشنودی ہمارے لئے ٹھیک نہیں،امریکہ اگر ایران کیساتھ ہماری تجارت سے ناراض ہوتا ہے تو ہوتا رہے، ہم نے اپنی معاشی صورتحال کو دیکھنا ہے اب امریکی دشمنی میں نہ ہم اپنے بچے بھوکے مار سکتے ہیں نہ ہم اپنی معیشت کا بھٹہ بٹھا سکتے ہیں اور نہ ہی ہم اپنا ملک تباہ کر سکتے ہیں۔

رحمت خان وردگ نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ ہر پالیسی ملکی مفاد میں بنائے اگر اس طرح نہ کیا گیا تو عوام کا سمندر سٹرکوں پر نکل آئے گا جس میں حکمران خس و خاشاک کی طرح بہہ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے سلالہ چیک پوسٹ کے واقعہ میں ملوث فوجی اہلکاروں کے خلاف کارروائی سے بھی انکار کر دیا ہے، اس سے واضح ہوتا ہے کہ امریکہ کی نظر میں پاکستانی عوام اور فوجیوں کی کوئی قدر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نیٹو سپلائی بھی بند رکھے اسے بحال نہ کیا جائے ہاں اگر بہت ضروری ہے تو اس پر کڑی شرائط اور بھاری ٹیکس عائد کیا جائے تاکہ ملک کے خزانے کو فائدہ ہو۔ 

خبر کا کوڈ : 148090
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش