QR CodeQR Code

نیٹو سپلائی نامنظور ریلی ملکی سیاست کا رخ بدل دے گی، میاں محمد اسلم

26 Mar 2012 19:59

اسلام ٹائمز:ریلی کی تیاریوں سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میاں اسلم کا کہنا تھا کہ حکومت تذبذب کی پالیسی سے نکل کر امریکی دھمکیوں سے مرعوب ہونے کے بجائے دوٹوک اور جرأت مندانہ موقف اپنائے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی صوبہ پنجاب کے نائب امیر میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ نیٹو سپلائی نامنظور ریلی ملکی سیاست کا رخ بدل دے گی۔ وہ تمام لوگ اس میں شریک ہوں گے جو موجودہ کرپٹ اور نااہل حکومت سے نجات چاہتے ہیں۔ اگر امریکا اور نیٹو کی سپلائی لائن بحال کرنے کی کوشش کی گئی تو جماعت اسلامی کے کارکن سر سے کفن باندھ کر اس کے خلاف مزاحمت کریں گے۔ حکومت تذبذب کی پالیسی سے نکل کر امریکی دھمکیوں سے مرعوب ہونے کے بجائے دوٹوک اور جرأت مندانہ موقف اپنائے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ستائیس مارچ کی ریلی کی تیاریوں کے حوالے سے شباب ملی اسلام آباد کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر شباب ملی اسلام آباد کے صدر راؤ جاوید اختر، سیکرٹری جنرل عبدالستار اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
 
میاں اسلم نے کہا کہ حکومت قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائے۔ جماعت اسلامی نے کرپشن، دو رنگی، منافقت کی سیاست، مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی کے خاتمے اور عوام کی فلاح و بہبود، عزت، روزگار، امن و خوشحالی، امریکی مداخلت سے نجات، ایٹمی قوت، ملک کے وقار، خود مختاری اور سلامتی کے تحفظ، لوٹی ہوئی دولت کی واپسی، زراعت و معیشت کی بحالی اور کرپٹ حکمرانوں سے نجات کے لیے ملک گیر تحریک شروع کر دی ہے۔ میاں محمد اسلم نے ملک سے محبت کرنے والے غیور اہلیان اسلام آباد سے اپیل کی ہے کہ وہ آج کی ریلی میں شریک ہو کر اپنی حب الوطنی کا ثبوت دیں۔ 


خبر کا کوڈ: 148339

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/148339/نیٹو-سپلائی-نامنظور-ریلی-ملکی-سیاست-کا-رخ-بدل-دے-گی-میاں-محمد-اسلم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org