0
Wednesday 11 Nov 2009 11:34

ایٹمی پروگرام مکمل محفوظ ہے،افغانستان میں شکست کھانیوالا امریکہ ہماری سلامتی پر اثر انداز نہیں ہو سکتا،سابق آرمی چیف اسلم بیگ

ایٹمی پروگرام مکمل محفوظ ہے،افغانستان میں شکست کھانیوالا امریکہ ہماری سلامتی پر اثر انداز نہیں ہو سکتا،سابق آرمی چیف اسلم بیگ
سابق آرمی چیف جنرل (ر) مرزا اسلم بیگ نے کہا ہے کہ امریکہ بھارت کی علاقائی بالادستی کا خواہاں ہے۔جس بنا پر پاکستان کے دفاعی معاملات،ہمارے ایٹمی اثاثہ جات اور ہماری سرحدوں کے معاملات پر دباﺅ بڑھا رہا ہے۔امریکہ اور ہندوستان ایک ہی حکمت عملی پر کارفرما ہیں۔لیکن پاکستان کے عوام اور افواج نہ تو بھارت کی علاقائی بالادستی قبول کریں گے نہ ہی اپنے ایٹمی اثاثوں پر آنچ آنے دیں گے اور اپنی سرحدوں پر طاری کئے جانے والے ان کے فتنہ کے ازالہ کیلئے جو ہو سکا کریں گے۔ افغانستان میں شکست کھانے والا امریکہ اور اسکی افواج پاکستان کی سلامتی پر اثرانداز نہیں ہو سکتے۔ ہمارا مسئلہ صرف اور صرف اتحاد و یکجہتی ہے۔جنہیں اپنا کر ہم ہر چیلنج میں سرخرو ہو سکتے ہیں۔ وہ گذشتہ روز نوائے وقت سے خصوصی بات چیت کر رہے تھے۔ مرزا اسلم بیگ نے بھارت اور اسرائیل کے درمیان ہونے والے سوا ارب ڈالر کے ائیر ڈیفنس سسٹم کو ایک بے فائدہ مشق قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسا ہی ائیر ڈیفنس سسٹم اسرائیل نے امریکہ کی مدد سے تیار کیا تا کہ حزب اللہ کے فضائی حملوں کا توڑ کیا جا سکے،لیکن حزب اللہ کی جانب سے داغے جانے والے راکٹس اور میزائل کا راستہ ائیر ڈیفنس سسٹم نہ روک سکا۔ انہوں نے کہا کہ دراصل ہندوستان کا انحصار ماضی میں روس کی جانب سے دیئے جانے والے ہتھیاروں اور آلات پر تھا اور پاکستان کی نیوکلیئر پوزیشن کے بعد اس کے اندر کی خوداعتمادی مجروح ہوئی ہے اور وہ نت نئی حکمت عملی پر عمل پیرا ہو کر اپنی طاقت بڑھانا چاہتا ہے اور نت نئے معاہدوں کے ذریعہ ہمیں دباﺅ میں لانا چاہتا ہے۔لیکن اس سے ہمیں خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں۔ پاکستان کے جوہری اثاثوں کی حفاظت کیلئے امریکی اقدامات پر جنرل طارق مجید کے بیان کو جرات مندانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کاش یہ ردعمل پاکستان کی منتخب حکومت کی جانب سے آتا اور امریکہ کو بتایا جاتا کہ یہ پروگرام اور ایٹمی صلاحیت ہماری غیرت اور عزت ہے۔ اس کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کی آنکھیں پھوڑ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نیوکلیئر پروگرام پر امریکہ کے سینٹ میں اٹھنے والے مروڑ اسکی بدنیتی کا بڑا ثبوت ہیں۔ یہ پروگرام انہیں اس لئے ہضم نہیں ہوتا کہ یہ ایک مسلم ملک کے پاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج کی جانب سے آنے والے بیان کے بعد امریکہ کو ہمارے ایٹمی پروگرام کے حوالے سے خبردار رہنا چاہئے۔ جنرل طارق مجید نے درست کہا کہ امریکہ صرف اتنا جانتا ہے جتنا اندازہ کر سکتا ہے اس سے زیادہ کچھ نہیں اور میں یہ سمجھتا ہوں کہ یہ پروگرام امریکی منفی سوچ سے بالاتر ہے اور ہر حوالے سے محفوظ اور موثر ہے۔

خبر کا کوڈ : 14863
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش