QR CodeQR Code

بے گناہ قبائلی عوام پر فائرنگ کرنیوالے پولیس اہلکاروں کیخلاف کارروائی کی جائے، ہارون الرشید

28 Mar 2012 03:44

اسلام ٹائمز:ایک بیان میں جماعت اسلامی فاٹا کے امیر کا کہنا تھا کہ ایک طرف آپریشنوں کے باعث قبائلی عوام اپنے ہی ملک میں مہاجر بنے ہوئے ہیں جبکہ دوسری طرف ریاستی جبر کے ذریعے ان پر ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی قبائلی علاقہ جات اور سابق ممبر قومی اسمبلی صاحبزادہ ہارون الرشید نے جلوزئی کیمپ میں باڑہ متاثرین پر پولیس کے لاٹھی چارج اور نہتے قبائلی عوام پر پولیس کی جانب سے فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک طرف آپریشنوں کے باعث قبائلی عوام اپنے ہی ملک میں مہاجر بنے ہوئے ہیں اور دوسری طرف ریاستی جبر کے ذریعے ان پر ظلم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں، انہوں نے کہا کہ باڑہ آپریشن کے متاثرین پچھلے ڈیڑھ سال سے جلوزئی کیمپ میں بے یارو مددگار پڑے ہیں، ان کو آئی ڈی پیز تسلیم نہیں کیا جارہا ہے اور نہ ہی کسی قسم کی حکومتی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
 
ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ جب وہ متاثرین اپنے حق کے لیے آواز بلند کرتے ہیں تو ان پر گولیاں برسائی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر قبائلی علاقوں اور خصوصا باڑہ میں آپریشن بند کرے اور متاثرین باڑہ کو آئی ڈی پیز تسلیم کر کے باعزت واپسی کے انتظامات کرے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نہتے قبائلی عوام پر لاٹھی چارج اور فائرنگ کرنے والے ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔


خبر کا کوڈ: 148637

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/148637/بے-گناہ-قبائلی-عوام-پر-فائرنگ-کرنیوالے-پولیس-اہلکاروں-کیخلاف-کارروائی-کی-جائے-ہارون-الرشید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org