0
Thursday 29 Mar 2012 10:20

وزیراعظم گیلانی کی جنوبی کوریا کے وزیراعظم سے ملاقات

وزیراعظم گیلانی کی جنوبی کوریا کے وزیراعظم سے ملاقات
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ کورین کمپنی ۳ ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کیلئے پاکستان میں سرمایہ کاری کریگی، پاکستان کا مالیاتی نظام مستحکم ہے جو دنیا کے بہترین نظام میں شامل ہے، عالمی کساد بازاری کے باوجود ملکی معیشت صحیح سمت میں گامزن ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے جنوبی کوریا میں اپنے ہم منصب کم ہوانگ سک سے ملاقات اور پاکستان بزنس ایسوسی ایشن ساؤتھ کوریا کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

وزیراعظم گیلانی نے جنوبی کورین کمپنی کے صدر، شمسی توانائی کے شعبے میں کام کرنیوالی کمپنی سی ایکس سولر کے چیف ایگزیکیٹو آفیسر، لاٹے گروپ کے چیئرمین، کورین واٹر ریسورس کارپوریشن کے چیئرمین، جنوبی کوریا کی فولاد ساز کمپنی پوسکو کے سربراہ سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں بھی کیں جس میں جنوبی کورین کمپنیوں نے پاکستان میں شمسی توانائی، پن بجلی، مالیات اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ جنوبی کوریا کے وزیراعظم سے ہونیوالی ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کے استحکام کیلئے باہمی تعاون میں اضافے پر اتفاق کیا۔ دونوں وزراء اعظم نے انفرااسٹرکچر، تعلیم، انسانی وسائل، معدنیات، افرادی قوت اور ہائیڈل پراجیکٹ کے شعبوں میں اپنے دوطرفہ تعلقات میں مزید اضافے کے مختلف امکانات کا جائزہ لیا۔ جنوبی کوریا کے وزیراعظم نے پاکستان کے وزیراعظم کو بتایا کہ ان کے دورے سے دونوں ممالک کے دو طرفہ تعلقات نئی بلندیوں پرآئے ہیں۔ 

وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ پاکستان کوریا کے سرمایہ کاروں کو مزید سہولتوں کو یقینی بنائے گا جو پہلے ہی مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ جنوبی کوریا کے وزیراعظم نے وزیراعظم گیلانی کو بتایا کہ کوریائی کمپنیاں نقل و حمل اور ہائیڈرو پراجیکٹس کے شعبوں میں مہارت رکھتی ہیں اور ان کے تجربے سے پاکستان کی ترقی میں مدد ملے گی۔ دریں اثناء وزیراعظم گیلانی سے جنوبی کوریا کی مختلف کمپنیوں کے سربراہوں نے بدھ کو یہاں الگ الگ ملاقاتیں کیں اور ان سے پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا ۔ ملاقاتوں میں وزیر خارجہ حنا ربانی کھر، سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین، سلیم مانڈوی والا اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔ 

شمسی توانائی کے شعبے میں کام کرنیوالی کوریائی کمپنی سی ایکس سولر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر چوئی مونساک سے ہونیوالی ملاقات میں وزیراعظم نے بلوچستان میں ٹیوب ویل چلانے کیلئے شمسی توانائی فراہم کرنے پر زور دیا تاکہ صوبے کی زراعت کو ترقی دی جاسکے۔ اسٹیل کی بڑی کوریائی کمپنی پوسکو کے سربراہ سے ملاقات میں وزیراعظم نے یقین دلایا کہ پاکستان میں گیس بجلی، کوئلہ اور ڈھانچہ جاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں حکومت پاکستان کوریائی کمپنیوں سے بھرپور تعاون اور انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائینگی۔ کمپنی کے چیئرمین جون یانگ چنگ نے کہا کہ ان کی کمپنی پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کا جائزہ لے رہی ہے۔ 

کمپنی واٹر کے چیئرمین کم کیون سے ملاقات میں وزیراعظم نے انہیں پاکستان میں توانائی کے بحران اور مختلف پن بجلی منصوبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات سے آگاہ کیا وزیراعظم سے لوٹی گروپ کے چیئرمین شین ڈانگ بن نے بھی ملاقات کی اور ان سے پاکستان میں مالیاتی شعبے میں سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا۔ علاوہ ازیں بدھ کو یہاں پاکستان بزنس ایسوسی ایشن ساؤتھ کوریا کے ایک وفد سے ملاقات میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ میں نے قید کا سامنا کیا اور انتقام کی سیاست ختم کرکے اور ہمیشہ کیلئے انتقام کے خاتمہ کے وعدے کے ساتھ باہر آیا۔
خبر کا کوڈ : 148887
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش