0
Friday 30 Mar 2012 00:15

حکومت پارلیمنٹ کا اجلاس بلانے کا ڈرامہ نیٹو سپلائی بحال کرنے کیلئے رچا رہی ہے، سید وسیم اختر

حکومت پارلیمنٹ کا اجلاس بلانے کا ڈرامہ نیٹو سپلائی بحال کرنے کیلئے رچا رہی ہے، سید وسیم اختر
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے لیہ جاتے ہوئے ملتان اسپورٹس گرائونڈ کا دورہ کیا اور جلسہ انقلاب کے سلسلے میں ہونیوالے انتظامات و تیاریوں کا جائزہ لیا، امیر ضلع پروفیسر افتخار چودھری نے انتظامات کے حوالے سے انہیں بریف کیا۔
انہوں نے کہا کہ جلسہ انقلاب تاریخ ساز اور اسلامی انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوگا، انہوں نے ملکی حالات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، قوم مایوسی کا شکار ہے، جماعت اسلامی کی دیانتدار قیادت ہی ملک کو مسائل کی دلدل سے نکال سکتی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ نے نیٹو سپلائی کی بحالی کی قرارداد منظور کی تو یہ حکومتی تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی۔
 
ان کا کہنا تھا کہ عوام پہلے ہی لوڈشیڈنگ اور مہنگائی سے ستائے سڑکوں پر ہیں، محب وطن لوگ نیٹو سپلائی کے راستوں میں دھرنے دے کر بیٹھ جائیں گے اور دشمن کو اسلحہ فراہم کرنے کی حکومتی کوشش ناکام بنادیں گے۔ وسیم اختر نے کہا کہ حکومت پارلیمنٹ کا اجلاس بلانے کا ڈرامہ نیٹو سپلائی بحال کرنے کے لئے رچا رہی ہے، موجودہ حکومت سے بڑھ کر کوئی کرپٹ نہیں ہوسکتا، انہوں نے کہا کہ لوگوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے اور وہ ایک سال مزید مانگنے والوں کو ایک دن بھی دینے کو تیار نہیں ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ حکومت ایک طرف نیٹو سپلائی بحال کرکے ملکی سلامتی کو دائو پر لگا رہی ہے جبکہ دوسری طرف بلوچستان اور سندھ میں گھنائونا کھیل کھیلتے ہوئے پاکستان کی یکجہتی کو پارہ پارہ کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ جماعت اسلامی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل رائو ظفر اقبال، ضلعی سیکرٹری جنرل عارف محمود سمرا، چودھری اطہر عزیز ایڈووکیٹ، طارق خان خاکوانی، کنور محمد صدیق بھی ان کے ہمراہ تھے۔
خبر کا کوڈ : 149053
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش