0
Friday 30 Mar 2012 02:57

کیمیکل سکینڈل، وزیراعظم کے بیٹے موسیِ گیلانی کا نام سامنے آ گیا

کیمیکل سکینڈل، وزیراعظم کے بیٹے موسیِ گیلانی کا نام سامنے آ گیا
اسلام ٹائمز۔ حج سکینڈل اور رینٹل پاور پراجیکٹس کے بعد سات ارب روپے کے ممنوعہ کیمیکل کے کوٹے کا اسکینڈل بھی منظر عام پر آ گیا، جس میں وزیراعظم کے صاحبزادے علی موسی گیلانی کا نام سامنے آیا ہے، سپریم کورٹ میں کیس کی سماعت چیف جسٹس افتحار محمد چوہدری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔ تفتیشی افسر نے رپورٹ پیش کی کہ ملتان کی دو کمپنیوں کو غیر قانونی طور پر نو ہزار کلو گرام کیمیکل کا کوٹہ دیا گیا ہے جبکہ قواعد کے تحت پانچ سو کلو گرام سے زائد کیمیکل کا کوٹہ نہیں دیا جا سکتا، افراڈرین نامی یہ کیمیکل نزلہ اور زکام کی ادویات کے علاوہ کوکین اور منشیات میں استعمال ہوتا ہے۔ 

چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے کہا کہ گڑ بڑ لگتی ہے، قصہ کچھ اور ہی ہے، ملک کی بدنامی ہو رہی ہے اور سرکاری سطح پر کوکین اور ہیروئین کا نام لیا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ جانتے ہیں ہمیں کوئی پسند نہیں کرتا مگر اداروں کی مضبوطی کے لئے کام کر رہے ہیں۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملتان کی دو کمپنیوں کو یہ کوٹہ توقیر نامی شخص نے لے کر دیا جو خود کو وزیراعظم کے بیٹے علی موسی گیلانی کا پی اے بتاتا ہے، تفتیشی افسر کے مطابق کیس کی تفتیش کیلئے علی موسی گیلانی کو نوٹس بھی بھیجا مگر انکی جانب سے کوئی جواب نہیں آیا۔
 
تفتیشی افسر نے کہا کہ سیکرٹری اینٹی نار کوٹکس نے خط لکھا کہ اس کیس کو مزید نہیں چلانا، جس پر عدالت نے سیکرٹری کو نوٹس بھیجتے ہوئے آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔ اینٹی نارکوٹکس کے وکیل کے کیس واپس لینے کے بیان پر چیف جسٹس نے اے این ایف کے کمانڈر بریگیڈئیر فہیم سے استفسار کیا کہ کیا آپ خوفزدہ ہیں اور کیس واپس لینا چاہتے ہیں تو بریگیڈیئر فہیم نے کہا کہ اینٹی نارکوٹکس فورس کیس واپس نہیں لینا چاہتی، سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت بیس اپریل تک کیلئے ملتوی کرتے ہوئے اس کیس کا ریکارڈ طلب کر لیا، اس سے پہلے وزیراعظم کے دوسرے صاحبزادے عبدالقادر گیلانی کا نام حج اسکینڈل میں آیا تھا اور انھوں نے ایف آئی اے کے سامنے پیش ہو کر اپنے خلاف الزامات کی وضاحت کی تھی۔
خبر کا کوڈ : 149058
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش