0
Friday 30 Mar 2012 23:21

آزادی حق اور کامیابی مقدر ہے، سید علی گیلانی

آزادی حق اور کامیابی مقدر ہے، سید علی گیلانی
اسلام ٹائمز۔ سید علی شاہ گیلانی نے ”آزادی کو حق اور کامیابی کو مقدر“ قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ تاحیات کشمیری قوم کی نمائندگی کرتا رہوں گا، انہوں نے اپنی موت کی  افواہ بازی کو شرپسندوں کی کارستانی سے تعبیر کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ کشمیر میں مسلکی اور گروہی منافرت پھیلانے کی منظم کوششیں کی جارہی ہیں، سید علی شاہ گیلانی نے کہا ہے کہ میں جب تک زندہ ہوں اپنی مظلوم قوم کی نمائندگی کرتا رہوں گا اور دنیا کی کوئی بھی طاقت مجھے اپنے موقف سے نہیں ہٹا سکتی، اپنے بارے میں پھیلائی جانے والی افواہ کو شرپسندوں کی کارستانی قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قوم نے ان افواہوں کے بعد جس والہانہ تعلق اور وابستگی کا مظاہرہ کیا ہے وہ کافی حوصلہ افزاء اور قابل ستائش ہے اور اس سے میرے اس یقین میں اضافہ ہوگیا ہے کہ میری قوم تحریک آزادی کے سلسلے میں بہت حساس ہے اور بھارت کسی بھی طور اس کے جذبہ آزادی کو کچلنے اور دبانے میں کامیاب نہیں ہوسکتا ہے۔
 
نئی دہلی سے جاری اپنے ایک مواصلاتی خطاب میں ABVP انتہا پسندوں کے حملے کو ایک بُزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے حریت کانفرنس (گ) کے چئیرمین نے کہا کہ میں نے جس راستے کا انتخاب کیا ہے اس میں اس طرح کے مراحل کا آنا ناگزیر ہے، میری زندگی میں مقصد حاصل ہو جائے یا میں اس راستے میں شہید ہوجائوں، دونوں صورتوں میں کامیابی ہمارا مقدر ہے اور ناکامی کا اس راستے میں سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہے، انہوں نے کہا کہ افواہیں پھیلانے والوں کا چاہے جو بھی مقصد ہو، یا جس قسم کے بھی ان کے منصوبے ہوں، لیکن اس طرح سے میرے حوصلے پست نہیں ہوسکتے، میں آخری سانس تک اپنی قوم کے دوش بدوش حق کی لڑائی لڑتا رہوں گا، سیاسی شاطروں کی چالیں اور شر پسند عناصر کی سازشیں اس آواز کو بند کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکتیں، انہوں نے کہا کہ ہم تمام تر مشکلات کے باوجود تحریکِ آزادی کو جاری وساری رکھیں گے۔
 
بھارتی حکمرانوں کو نوشتہ دیوار پڑھنے کا مشورہ دیتے ہوئے حریت چئیرمین نے کہا کہ بھارت کے فوجی تسلط سے آزادی ہمارا حق ہے، اس کے حصول میں تاخیر تو ہو سکتی ہے لیکن اس حق سے ہمیں دنیا کی کوئی بھی طاقت محروم نہیں کرسکتی ہے، قوم کو اتحاد و اتفاق برقرار رکھنے کی تاکید کرتے ہوئے سید علی گیلانی نے کہا کہ کشمیر میں مسلکی اور گروہی منافرت پھیلانے کی منظم کوششیں کی جارہی ہیں، اس مقصد کیلئے حکومت کے کچھ منظور نظر مولوی کام پر لگائے گئے ہیں، جنہیں ہر طرح کی مراعات اور سہولیات میسر رکھی گئی ہیں، انہوں نے خبردار کیا ہے کہ یہ مولوی حضرات شعیہ سنی، حنفی شافعی، دیوبندی بریلوی اور مقلد غیر مقلد کے نام پر مسلمانوں کے درمیان نفرت کے بیج بوتے ہیں اور انہیں ایک دوسرے کے ساتھ دست و گریبان کرنے کے منصوبے کو عملی جامہ پہنا رہے ہیں، مسلمانوں کو ایسے مولویوں سے خبردار رہتے ہوئے ایک کلمے پر جمع ہونے کا عزم کرلینا چاہیے۔
خبر کا کوڈ : 149197
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش