0
Saturday 31 Mar 2012 00:54

حزب اللہ مسئلہ فلسطین کے حل کے لئے قیام و مقاومت پر یقین رکھتی ہے، نبیل قاووق

حزب اللہ مسئلہ فلسطین کے حل کے لئے قیام و مقاومت پر یقین رکھتی ہے، نبیل قاووق
اسلام ٹائمز۔ جنوبی لبنان کے علاقے قلعہ شقیف میں لبنان اور مقبوضہ فلسطین (اسرائیل) کی سرحد پر ایک عظیم الشان احتجاجی جلسے کا انعقاد کیا گیا۔ احتجاجی جلسے سے حزب اللہ کے مرکزی رہنما نبیل قاووق، الفتح کے فتحی ابو العردات، حماس کے رہنما علی برکۃ، الجہاد کے رہنما شکیب العین، الامل کے رہنما بسام کعجق، انڈیا سے فیروز مٹھی بور والا اور امریکہ سے آئے ہوئے یہودی پیشواء ڈیوڈ یتسرائل وایس نے خطاب کیا۔
 
حزب اللہ کے مرکزی رہنما نبیل قاووق نے عالمی مارچ کے ہزاروں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حزب اللہ مسئلہ فلسطین کے حل کے لئے قیام و مقاومت پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 30 مارچ کا دن یوم الارض ہمیں شہدا ء فلسطین اور شیخ یٰسین شہید کی یاد دلاتا ہے۔ مسئلہ فلسطین اس خطے کا مسئلہ نہیں بلکہ عربوں، مسلمانوں اور پوری دنیا کا مسئلہ ہے۔ اپنے وطن لوٹنا فلسطینیوں کا بنیادی مسئلہ ہے، یقینا حق غالب ہوگا اور باطل مٹ جائے گا۔ 

الفتح کے رہنما فتحی ابو العردات کا کہنا تھا کہ میں شام، لبنان، اردن اور دنیا بھر کے مجاہدین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جو دنیا کے کونے کونے سے ہمارے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے یہاں جمع ہوئے۔ آج ہم عہد کرتے ہیں کہ نوجوانوں کا جہاد اسرائیل کے خاتمے تک جاری و ساری رہے گا۔ 


اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے حرکت جہاد الاسلامی کے ناظم برائے امور سیاست شکیب العین نے کہا کہ سلام ہو فلسطین پر جہاں قدس ہے۔ سلام ہو ان لوگوں پر جنہوں نے راہ آزادی القدس میں قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ عراق میں عرب دنیا کے قائدین جمع ہوئے ہیں کہ وہ خطے کے مسائل حل کر سکیں لیکن القدس کی آزادی ان لیڈروں کی باتوں سے نہیں بلکہ جوانوں کی قربانیوں اور شہادتوں سے ممکن ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ قلعہ شقیف پر ہمارا جمع ہونا ثابت کرتا ہے کہ ہم بیدار ہیں اور آزادی القدس کے لئے متحد ہیں ۔ ہماری جدوجہد غاصب اسرائیل کی نابودی تک جاری رہے گی۔وہ وقت قریب ہے کہ جب ہم اللہ کے فضل و کرم سے القدس شریف میں نماز ادا کریں گے اور فاتحانہ انداز سے فلسطین میں داخل ہوں گے۔

حرکت الامل کے رہنما بسام کعجق نے کہا کہ میں اپنے شہر میں آنے والے تمام دوستوں کوخوش آمدید کہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ کو متحد ہونے کی دعوت دیتا ہوں۔ قرآن ہمیں کہتا ہے کہ متحد ہو جاؤ اور تفرقے میں نہ پڑو اور متحد ہو جاؤ۔ ہم جب تک متحد اور منظم نہیں ہوں گے القدس میں نماز ادا کرنے سے محروم رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یاد کرو کہ کس طرح سیدنا فاروق اور سلطان صلاح الدین ایوبی نے القدس فتح کیا۔ ہمیں ان کا طریقہ اختیار کرکے متحد ہو کر القدس واپس لینا ہوگا۔ 
خبر کا کوڈ : 149221
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش