0
Saturday 31 Mar 2012 01:22

ٹارگٹ کلنگ نہیں رکی تو وزیراعلیٰ ہاؤس اور امریکی قونصلیٹ کا گھیراؤ کیا جائے گا، ایم ڈبلیو ایم

ٹارگٹ کلنگ نہیں رکی تو وزیراعلیٰ ہاؤس اور امریکی قونصلیٹ کا گھیراؤ کیا جائے گا، ایم ڈبلیو ایم
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر کوئٹہ اور کراچی میں ہونے والی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی یوم احتجاج کے حوالے سے مظاہرے کئے گئے، جس میں شہر کراچی کی جامع مساجد کے باہر احتجاجی مظاہرے کئے گئے جبکہ مرکزی احتجاجی مظاہرہ جامع مسجد المصطفیٰ عباس ٹاؤن ابولحسن اصفحانی روڈ پر منعقد کیا گیا۔ مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے رہنما مولانا سجاد کربلائی، محمد مہدی، مولانا منور نقوی، مبشر حسن، علی اوسط و دیگر کا کہنا تھا کہ حکومت ملت جعفریہ کو تحفظ دینے میں ناکام ہوگئی ہے اور بلوچستان سمیت پورے ملک میں جاری ملت جعفریہ کے عمائدین کی نسل کشی میں پی پی پی گورنمنٹ ملوث ہے۔

مولانا سجاد کربلائی کا کہنا تھا کہ پورے ملک میں منظم انداز سے ملت جعفریہ کے عمائدین کی ٹارگٹ کلنگ میں امریکی ایماء پر کالعدم جماعتیں اور اُن کے سرپرست حکومتی ارکان ملوث ہیں۔ مولانا منور نقوی کا کہنا تھا کہ یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ دہشت گردوں کا نیٹ ورک پورے ملک میں پھیل چکا ہے، جس کو ملکی سکیوریٹی اداروں کی سرپرستی حاصل ہے۔ مبشر حسن کا کہنا تھا کہ سیاسی فسادات کے دوران ملت جعفریہ کے عمائدین کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا اور شہر کراچی میں کالعدم جماعتوں کے دفاتر کا کھلنا اور ان دہشت گردوں کا شہر قائد میں جلسہ اور اس میں اسلحہ کی نمائش کرنا اس بات کی دلیل ہے کے یہ سب کارروائیاں حکومتی ایماء پر ہوتی ہیں۔

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویثرن کے سیکریٹری جنرل محمد مہدی نے کہا کہ حکومت ہمارا امتحان نہ لے اگر ملت جعفریہ کے شیعہ عمائدین کی ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ نہیں رکا تو یہ حکومتی ایوان ہماری دسترس سے دور نہیں، پہلے مرحلے میں وزیراعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کیا جائے گا اور دوسرے مرحلہ میں امریکی قونصلیٹ کا گھیراؤ کیا جائے گا۔ مظاہرے میں مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے رہنما فاضل عباس نے کہا کہ دہشت گردوں نے اب شہر کراچی کے باہر ہی نہیں حکومتی سرپرستی میں شہر کے جیلوں میں بھی اپنا منظم نیٹ ورک قائم کرلیا ہے، جس کی تازہ مثال گزشتہ ماہ میں ملت جعفریہ کے 2 قیدیوں کا وحشیانہ انداز میں قتل کیا جانا اور قاتلوں کے خلاف کارروائی نہ کرنا جبکہ سینٹرل جیل کراچی اور سکھر کے سپرنٹنڈنٹ کے خلاف کوئی کارروائی نہ کرنا ہے۔
خبر کا کوڈ : 149224
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش