0
Saturday 31 Mar 2012 02:48

کوئٹہ، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کا ٹارگٹ کلنگ اور پرامن مظاہرین پر فائرنگ کیخلاف مظاہرہ

کوئٹہ، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کا ٹارگٹ کلنگ اور  پرامن مظاہرین پر فائرنگ کیخلاف مظاہرہ
اسلام ٹائمز۔ ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے زیر اہتمام سانحہ اسپنی روڈ اور ہزارہ ٹائون میں نہتے مظاہرین پرفورسز کی جانب سے فائرنگ کے خلاف بلوچستان اسمبلی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڑز اٹھا رکھے تھے جن پر نعرے درج تھے، مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل احمد علی کوہزاد، محمد رضا وکیل اور بوستان علی کشمند نے کہا کہ انتظامیہ، حکومت اور اسمبلی میں بیٹھے ہوئے ارباب اختیار نے کوئٹہ سمیت بلوچستان میں ہونیوالے مظالم پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے، جو باعث تشویش ہے، انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سمیت کسی بھی حکومتی رکن نے ان واقعات پر آواز بلند نہیں کی، جس کی وجہ سے سانحہ پود گلی چوک، مچھ سے آنیوالے مزدوروں پر فائرنگ اور اسپنی روڈ جیسے واقعات ہزارہ قوم کی نسل کشی میں ایک تسلسل ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ اس کے پیچھے عالمی سازشیں، علاقائی دہشتگرد قوتیں متحریک ہیں، جو خطے کے پر امن ماحول کو خراب کرکے فرقہ واریت کی بناء پر عوام کو تقسیم کرنا چاہتی ہیں، مقررین نے کہا کہ صوبے میں جاری دہشتگردی میں ملوث عناصر کی عدم گرفتاری سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہیں حکومت اور انتظامیہ کی سرپرستی حاصل ہے، انہوں نے کہا کہ ٹارگٹ کلنگ پر انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور عالمی برادری کو آواز بلند کرنی چاہئے کیونکہ ایک دہائی سے ہزارہ قوم کی ٹارگٹ کلنگ تواتر سے جاری ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے بے گناہ شہریوں اور مزدوروں کو سرعام قتل کرنے کی دہشتگرد عناصر کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ تمام ادارے مفلوج ہوچکے ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ ان واقعات سے میں سے اکثر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی چیک پوسٹوں کے قریب ہوئے ہیں، پھر بھی تاحال ان عناصر کو گرفتار نہیں کیا گیا، انہوں نے مطالبہ کیا کہ سانحہ اسپنی روڈ کی اعلیٰ عدلیہ سے تحقیقات کرائی جائیں تاکہ متاثرین کو انصاف مل سکے اور دہشت گردوں کے خلاف ٹارگٹ آپریشن کرکے ان کے ٹھکانوں کا قلع قمع کیا جائے، بعد ازاں مظاہرین اپنے مطالبات کے حق میں نعرہ بازی کرتے ہوئے پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔
خبر کا کوڈ : 149249
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش